ہندوستان کو آنکھیں دکھانے والے کو بخشا نہیں جائے گا : وزیراعظم

ہمارے مقتدر اعلیـ کو چیلنج کیا گیا تو دوگنی طاقت سے ضرب پہونچانے کا عہد ‘ نریندر مودی کا خطاب

نئی دہلی ۔ /21 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے کسی بھی علاقہ کو کبھی بھی آنکھیں نہیں دکھائی لیکن اگر اس کے مقتدر اعلیٰ کو چیلنج کیا گیا تو وہ دوگنی طاقت سے دشمن کو نشانہ بنائے گا ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے سبھاش چندر بوس کی قائم کردہ آزاد ہند حکومت کے اعلان کے 75 ویں سال کی علامت کے طور پر منعقدہ جلسہ سے خطاب کیا ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کی حکومت مسلح افواج کو بہترین ٹیکنالوجی فراہم کرنے کی سمت کام کررہی ہے اور فوج کو عصری ہتھیاروں سے لیس کیا جائیگا ۔ ہمارے سپاہیوں کو زیادہ بہتر سہولتیں دیتے ہوئے ان کی زندگیوں کا حتی الامکان تحفظ کیا جائے گا ۔ مودی نے کہا کہ ان کی حکومت نے ایسے فیصلے کئے ہیں جن سے لائین آف کنٹرول کے اس پار سرجیکل اسٹرایک کی گئی اور سابق فوجی جوانوں کو ایک رتبہ ایک پنشن کے فوائد پہونچائے گئے ۔ وزیراعظم نے تاریخی لال قلعہ پر قومی ترنگا لہرا کر اس یادگار دن کی یاد منائی ۔ سبھاش چندر بوس کے قریبی ساتھیوں میں سے ایک ساتھی کی جانب سے انہیں پیش کردہ انڈین نیشنل آرمی کی ٹوپی حاصل کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ یہ ہندوستانی روایت رہی ہے کہ اس نے کسی بھی علاقہ اور ملک پر حملہ نہیں کیا لیکن جب ہمارے مقتدر اعلیٰ کو چیلنج کیا گیا تو ہم نے دوہری قوت سے اس کا جواب دیا ہے ۔ انہوں نے اندرون ملک اور بیرون ہند طاقتوں کے خلاف عوام کو خبردار کیا جو ملک کے خلاف کام کررہے ہیں اور اس ملک کی سرزمین اس کی دستور اقتدار کو نشانہ بنارہے ہیں ۔ اس لئے ہر ایک کے اندر قوم پرستی اور ہندوستانیت کا جذبہ ہونا چاہئیے ۔ یہ ضروری ہے تاکہ ہم ایسی طاقتوں کا جواب دے سکیں ۔ انہوں نے سبھاش چندر بوس کی جانب سے رانی جھانسی رجمنٹ قائم کرنے کے خوابوں کو پورا کرنے کی کوشش کی گئی تو انہیں مخالفت کا سامنا کرنا پڑا ۔ مودی نے کہا کہ اب یہ رجمنٹ اپنے قیام کی 75 ویں سالگرہ منارہی ہے ۔ موجودہ حکومت سبھاش چندر بوس کے خوابوں کو پورا کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ فوج میں خواتین کی بھرتی کی اجازت دی گئی ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ فضائیہ میں بھی خواتین لڑاکا پائیلٹس کے پہلے بیاچ کو شامل کیا گیا ہے ۔ ون رینک ون پنشن اسکیم کے تحت سابق فوجیوں کیلئے 11 ہزار کروڑ روپئے بقایا جات جاری کئے گئے ہیں ۔ قومی جنگی یادگار قائم کرنے کام ہورہا ہے ۔ انہوں نے نہرو ۔ گاندھی خاندان پر درپردہ تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ کئی بڑے عظیم قائدین جیسے سردار پٹیل ‘ بی آر امبیڈکر اور سبھاش چندر بوس کی خدمات کو دانستہ طور پر فراموش کردیا گیا اور صرف ایک خاندان کو شان و شوکت عطا کی گئی ۔ اب وقت آگیا کہ ہندوستان کا ہر شہری ان بزرگوں کے تاریخی کردار سے واقف ہوجائے ۔ مشہور آزاد ہند فوج کی ٹوپی پہن کر وزیراعظم نے لال قلعہ پر قومی ترنگا لہرایا اور ایک تختی کی نقاب کشائی انجام دی ۔ روایتی طور پر وزیراعظم صرف یوم آزادی کے موقع پر لال قلعہ کی فصیل پر قومی ترنگا لہراتے ہیں لیکن وزیراعظم مودی نے آزاد ہند فوج کی یادگار کے طور پر یہ تقریب منعقد کی ۔ انہوں نے ایک میوزیم بنانے کا بھی فیصلہ کیا ۔