نئی دہلی ۔ 30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی سیکوریٹی ادارہ نے امریکی ذرائع ابلاغ میں شائع ان اطلاعات کو مسترد کردیا کہ آئی ایس دہشت گرد تنظیم ہندوستان پر حملے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ جو دستاویز میڈیا میں دکھائی جارہی ہے وہ دراصل بعض غیرملکی انٹلیجنس ایجنسیوں کی پروپگنڈہ مہم ہے۔ انہوں نے اشارہ دیا کہ یہ پاکستان کی آئی ایس آئی اور اسی طرح پاکستانی ایجنسی کی اسپانسر کردہ دہشت گرد تنظیموں کی کارستانی ہوسکتی ہے اور اس کا مقصد جنوب مشرقی ایشیاء میں خوف پیدا کرنا ہے۔ سیکوریٹی اور انٹلیجنس کے سرکردہ عہدیداروں نے اس رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ملک کی بیرونی قانونی ایجنسی ’’را‘‘ کی فراہم کردہ اطلاعات کی بنیاد پر بھی اس رپورٹ کا تجزیہ کیا گیا۔ ’’را‘‘ کے نوٹ میں کہا گیا ہیکہ ’’ولایت خراسان‘‘ دراصل پاکستان میں موجود ایک گروپ ہے، جسے آئی ایس نے ولایت کا موقف دیا ہے۔ اس کے پاکستانی اداروں سے روابط ہیں۔ ’’را‘‘ نے واضح کیا ہیکہ ولایت خراسان کے پاکستان سے روابط ہندوستان کے لئے تشویشناک ہیں۔