واشنگٹن ؍ نئی دہلی ۔ 24 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی صدر براک اوباما نے آج ہندوستان کو یوم جمہوریہ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ دونوں ممالک ’’ اس واقعی عالمی شراکت داری ‘‘ کے لئے عوام کی توقعات اور اُمنگوں کی تکمیل کرنے میں کامیاب ہوں گے ۔ صدرجمہوریہ پرنب مکرجی کو ہندوستان کے 65 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر اپنے پیام مبارکباد میں اوباما نے کہاکہ امریکہ کے عوام اس حوصلہ بخش جمہوری ورثہ کا جشن منانے میں ہندوستان کی عوام کے ساتھ شریک ہیں۔ ’’ہماری شراکت داری ہمیشہ ہی ہمارے مشترک اقدار اور مفادات کے زیراثر رہی ہے ۔ میں آنے والے وقت میں آپ کے ساتھ کام کرنے کا منتظر ہوں تاکہ ہمارے عوام کی توقعات اور اُمنگوں کو اس حقیقی عالمی شراکت کو کامیاب بنانے کیلئے پوری ہوسکیں‘‘۔
امریکی صدر کے حوالے سے پرنب مکرجی کے پریس سکریٹری وینو راجہ منی نے دہلی میں کہا ، ’’دوستی اور پارٹنرشپ کے گرم جوش جذبہ کے ساتھ اور امریکی عوام کی طرف سے میں اس سالانہ یوم کے موقع پر آپ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور خوشحالی اور امن کی برقراری کیلئے میری پرخلوص تمنائیں پیش کرتا ہوں ‘‘۔ واشنگٹن میں ڈپٹی سکریٹری آف اسٹیٹ برائے نظم و نسق اور وسائل ہیتھر ہگین باٹم نے ہندوستان کے ساتھ امریکہ کی شراکت داری کو وسیع تر اور مضبوط قرار دیا۔ انھوں نے کہاکہ اصل بات یہی ہے کہ ہند ۔ امریکہ پارٹنرشپ وسیع اور مضبوط ہے ۔ وہ ہندوستانی سفیر برائے امریکہ ایس جئے شنکر کے زیراہتمام 26 جنوری کی تقاریب سے قبل منعقدہ استقبالیہ سے خطاب کررہی تھیں۔ انھوں نے کہا کہ ہندوستان کا یوم جمہوریہ ہمیں ہندوستان کے جمہوری اداروں اور روایات کی طاقت کی یاد دلاتا ہے ۔ اور یہ ہمیں ہمارے عوام اور ہماری حکومتوں کے درمیان مضبوط روابط کی بھی یاد دلاتا ہے ۔ جیسا کہ ہم اکثر کہتے ہیں ، ہماری دنیا کی قدیم ترین اور سب سے بڑی جمہوریتوں کے درمیان کلیدی شراکت داری پائی جاتی ہے۔
کیری کی نتین یاہو سے ملاقات
ڈاؤس ۔ 24 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے آج اسرائیلی وزیراعظم بنیامن نتین یاہو سے ملاقات کی جیسا کہ وہ مشرق وسطیٰ میں امن مساعی کو آگے بڑھانے کوشاں ہیں۔ دونوں نے اس سوئیس ٹاؤن میں جاری ورلڈ اکنامک فورم میٹنگ کے موقع پر بن دروازوں میں بات چیت کی ۔ آج ہی دیر گئے اس اجتماع سے مشرقی وسطیٰ کے موزوں پر کیری خطاب کرنے والے ہیں جسے واشنگٹن نے اہم تقریر قرار دے رکھا ہے ۔