ہندوستان کا نیپال کو 300 میگاواٹ برقی سربراہی کا تیقن

کھٹمنڈو ۔ 29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے آج اتفاق کیا کہ 300 میگاواٹ برقی توانائی نیپال کو آئندہ 18 ماہ کے دوران سربراہ کرے گا۔ نیپال میں برقی توانائی کی شدید قلت ہے۔ دونوں ممالک نے سرحد پار سے برقی توانائی کی ترسیلی لائنس نصب کرنے اور برقی توانائی کی تجارت میں باہمی تعاون میں اضافہ کرنے سے اتفاق کرلیا ہے۔ حکومت نیپال برقی تبدیلی لائن نصب کرنے کیلئے موزوں مقامات کا تعین کرے گی۔ دونوں ممالک کے معتمدین توانائی نیپال کے سمن پرشاد شرما اور ہندوستان کے پردیپ کمار پجاری نے وزارت برقی توانائی کے ایک مشترکہ بیان میں دونوں ممالک کے درمیان برقی توانائی کی سربراہی کے معاہدہ کا انکشاف کیا ہے۔ آج کے اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان برقی توانائی کی تجارت کے معاہدہ 2014 کا بھی جائزہ لیا گیا۔