بنگلور ۔22 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کا مریخ مشن کامیاب ہونے کے واضح امکانات دکھائی دے رہے ہیں کیونکہ 24 ستمبر کو مریخ مدار میں داخلہ سے قبل آج خلائی جہاز کے مین لیکویڈ انجن کی آزمائشی پرواز کی گئی اور یہ کامیاب رہی ۔ اس کے بعد دیگر ضروری حصوں کو بھی درست کردیا گیا ۔ 440 نیوٹن لیکویڈ اپوگی موٹر (ایل اے ایم انجن ) گزشتہ 300 دن سے مریخ خلائی مشن کے لئے تیار تھا ۔ آج اسے 4سکنڈ کیلئے چلایا گیا اور یہ تجربہ کامیاب رہا ۔ اس سے اسرو کے سائنسدانوں کا اعتماد اور بڑھ گیا اور انھیں مریخ میں خلائی جہاز کو داخل کرنے کی کامیابی یقینی دکھائی دے رہی ہے ۔ اسرو نے کہاکہ ہم نے 4سکنڈ کیلئے طئے شدہ پروگرام کے مطابق کامیاب آزمائشی پرواز کی ۔ تمام سسٹم کو موثر طورپر ایک دوسرے سے مربوط کردیا گیا ۔ بیان میں کہا گیا کہ مریخ کا خلائی مشن معمول کے منصوبہ کے مطابق جاری رہے گا ۔ یہ خلائی جہاز مریخ کے دائرے اثر سے تقریباً 5.4 لاکھ کلومیٹر رقبہ کے اندر ہے ۔ یہ 666 ملین کیلومیٹر کا سفر طئے کرے گا ۔ اس خلائی جہاز کا آخری مرحلہ 24 ستمبر کو شروع ہورہا ہے جہاں مدار میں داخل کرنے کی رفتار 22.1 کیلومیٹر فی سکنڈس سے کم ہوکر 4.4 کیلومیٹر فی سکنڈس ہوجائے گی ۔ اسے بعد ازاں مریخ میں داخل کردیا جائیگا ۔
وزیر اعظم مودی کل مریخ مشن کا مشاہدہ کرینگے
اس دوران بنگلور سے موصولہ اطلاع میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی مریخ کو اس کے مدار میں داخل کرنے کے عمل کا یہاں اسپیس کرافٹ کنٹرول سنٹر اسرو ٹیلی مٹری ٹریکنگ اینڈ کمانڈ نٹ ورک سے جائزہ لیں گے ۔ یہ عمل چہارشنبہ کو ہونے والا ہے ۔ اسرو کے سائینٹفک سکریٹری کوٹیشور راؤ نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی چہارشنبہ کو یہاں موجود رہیں گے جب مریخ کو اس کے مدار میں داخل کیا جائیگا ۔ یہ مشن 24 ستمبر کو شام 7 بجکر 17 منٹ اور 32 سکنڈ پر کیا جانے والا ہے ۔