ہندوستان کا دورہ کامیاب : وزیراعظم چین

ہند ۔ چین تجارتی خلیج میں اضافہ کا چینی تجزیہ نگاروں کو اندیشہ
بیجنگ ۔ 21 مئی (پی ٹی آئی) اپنے دورہ ہند پر حوصلہ پاکر وزیراعظم چین لی کیقیانگ نے اس دورہ کو انتہائی کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم منموہن سنگھ کے ساتھ بات چیت کے دوران انہوں نے خود کو اپنے وطن میںمحسوس کیا تھا۔ چین کے سرکاری ذرائع ابلاغ کی خبروں کے بموجب روزنامہ چائنا ڈیلی نے خبر شائع کی ہیکہ ہندوستان وزیراعظم چین کے 9 روزہ بیرونی دورہ کی پہلی منزل تھی۔ ہندوستان سے وہ پاکستان، سوئٹزرلینڈ اور جرمنی کا دورہ کریں گے۔ 57 سالہ لی کے دورہ پاکستان کا کل سے آغاز ہوگا۔ وزیراعظم چین نے وزیراعظم منموہن سنگھ کے ساتھ اپنی بات چیت کو گہری، دوستانہ اور بے باک قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے اس بات چیت کے دوران خود کو اپنے وطن میں محسوس کیا۔ 27 سال قبل انہوں نے بحیثیت یوتھ لیڈر ہندوستان کا دورہ کیا تھا اور یہ ان کا دوسرا دورہ ہند تھا۔ انہوں نے دورہ کے موقع پر بطور خاص سرحدی تنازعہ پر تبادلہ خیال کیا۔ علاقائی مسائل اور تجارتی عدم توازن پر ہند ۔ چین تلخیوں کے باوجود وزیراعظم چین نے کہا کہ یہ دورہ بیشک ایک مثبت اور دوستانہ اشارہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ہند اور ہندوستانی عوام نے ان کا گرم جوش استقبال کیا اور ہندوستان کے تمام بڑے اخبارات میں ان کے دورہ کی خبریں نمایاں طور پر شائع کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی دو سب سے بڑی ابھرتی ہوئی معیشتیں ایک دوسرے کیلئے وسیع بازار بھی فراہم کرتی ہیں، جن سے ہنوز استفادہ نہیں کیا گیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ باہمی اعتماد میں اضافہ کے ساتھ ساتھ باہمی تعاون اور روابط میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور چین دونوں اس سمت میں ٹھوس اقدامات کررہے ہیں۔ یہ دونوں ممالک کے خاص طور پر اور پورے علاقہ کیلئے عام طور پر ایک نعمت ثابت ہوگا۔ دریں اثناء ہند ۔ چین تجارت میں پائی جانے والی خلیج کے بارے میں چینی تجزیہ نگاروں کا خیال ہیکہ اس عدم توازن میں مزید اضافہ ہوگا اور عنقریب کئی انتظامی مسائل ابھر آئیں گے۔ تجزیہ نگاروں نے تحریر کیا ہیکہ ہندوستان اور چین کے درمیان تجارتی خلیج میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ حالیہ برسوں میں چین کی شرح ترقی میں کمی واقع ہوئی ہے۔ فولاد اور لوہے کے شعبہ میں حکومت چین کی سخت پالیسیوں کی وجہ سے ہندوستانی خام مال جیسے خام لوہا اور لوہے کا برادہ کی خریداری میں کمی آئی ہے۔ ہندوستان سے چین کو سب سے زیادہ یہی اشیاء درآمد کی جاتی ہے۔ یہی وجہ ہیکہ ہند ۔ چین تجارتی خلیج میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ چینی تجزیہ نگاروں کا یہ تبصرہ کثیر اشاعت روزنامہ چائنا ڈیلی میں شائع کیا گیا ہے۔