ہندوستان کا دستور اور آزادی خطرہ میں ، صدر ترنمول کانگریس کی تنقید

دارجلنگ میں جلسہ عام سے چیف منسٹر مغربی بنگال و صدر ترنمول کانگریس ممتا بنرجی کا خطاب

دارجلنگ 11 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر مغربی بنگال و صدر ترنمول کانگریس ممتا بنرجی نے آج دعویٰ کیاکہ ہندوستان کی آزادی اور اِس کا دستور بی جے پی دور حکومت میں خطرہ میں پڑگیا ہے۔ وہ ایک جلسہ عام سے چوک ہزار علاقہ میں تقریر کررہے تھیں۔ ترنمول کانگریس کی سربراہ نے کہاکہ بھگوا پارٹی سیاسی انتشار کا دارجلنگ میں فائدہ اُٹھانا چاہتی ہے۔ اُنھوں (بی جے پی) نے دارجلنگ میں انتخابات کے دوران آگ لگائی ہے۔ دہلی میں بی جے پی کے لوگوں نے ایسے مسائل کا دہلی کے عوام کے سامنے تذکرہ کیا تھا اور کہا تھا کہ اگر پارٹی برسر اقتدار آجائے تو اِس صورتحال کو ٹھیک کردے گی لیکن بی جے پی نہیں چاہتی کہ دارجلنگ، کالِم پونگ، کرسیکنڈ اور میریک میں ترقی ہو۔ ممتا بنرجی نے کہاکہ بھگوا پارٹی کے سبکدوش ہونے والے رکن پارلیمنٹ ایس ۔ ایس ۔ اہلووالیہ نے اِس علاقہ کی ترقی کے لئے کچھ نہیں کیا۔ یہاں تک کہ اُنھوں نے اِس علاقہ کا دورہ تک نہیں کیا۔ اہلووالیہ انتخابات جیتنے کے بعد پہاڑی علاقہ سے فرار ہوگئے۔ ممتا بنرجی نے کہاکہ پلوامہ دہشت گرد حملہ جو 14 فروری کو ہوا تھا، آزاد ہندوستان کی تاریخ کا انتہائی مہلک دہشت گرد حملہ تھا، اُنھوں نے کہاکہ ہندوستان کی آزادی اور دستور خطرہ میں پڑگیا ہے۔ لوگ گاندھی جی، نیتاجی اور ویویکانند کے اصول بی جے پی دور اقتدار میں بھلا بیٹھے ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہاکہ وہ صرف اپنی ترقی سے دلچسپی رکھتے ہیں۔ ’’وہ (مودی) ایک بلند قامت قائد بن گئے ہیں۔ وہ زندگی بھر فلمیں بناتے رہے ہیں جس میں انھیں ایک قدآور شخصیت کے طور پر پیش کیا گیا‘‘۔ اُنھوں نے نمو دوکانیں کھولیں جہاں نمو سوٹ فروخت کئے جاتے ہیں۔ انتخابات کے بعد یہ دوکانیں نمو چپلیں بیچیں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ مودی نے اپنے دور میں جو کچھ کیا ہے اپنی تشہیر کے لئے کیا ہے۔ ممتا بنرجی عظیم اتحاد میں شمولیت کے بعد مودی حکومت پر سخت لب و لہجہ میں تنقید جاری رکھے ہوئے ہیں۔