واشنگٹن ۔ 14 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) عالمی بینک نے ہندوستان کی سال 2017ء میں جی ڈی پی شرح 8 فیصد تک پہنچ جانے کی پیش قیاسی کی ہے۔ بینک نے اپنی نیم سالانہ رپورٹ میں کہا کہ ملک میں توسیعی منصوبوں کے ساتھ ساتھ موافق تیل کی قیمتوں کے نتیجہ میں جنوبی ایشیاء میں معاشی ترقی کی رفتار تیز ہوگی۔ ہندوستان کا جی ڈی پی سال 2015-16ء میں 7.5 فیصد تک پہنچ جانے کی توقع ہے۔
آمد پر ویزا اسکیم کا نیا نام، ای ٹورسٹ ویزا
نئی دہلی ۔ 14 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے آمد پر سیاحتی ویزا اسکیم کا نام تبدیل کرتے ہوئے اسے ای ٹورسٹ ویزا رکھا ہے۔ کل سے اس فیصلہ پر عمل ہوگا۔ وزارت داخلہ کے عہدیداروں نے بتایا کہ مختلف گوشوں سے کی گئی درخواست کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔ اس اسکیم سے یہ تاثر مل رہا تھا کہ آمد پر ویزا فراہم کیا جارہا ہے جبکہ بیرونی شہری کی آمد سے قبل ہی ویزا جاری کرنے کی اجازت دی جاتی ہے۔ وزارت کو اس اسکیم کا نام تبدیل کرنے کیلئے بعض ہندوستانی سفارتخانوں سے بھی درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔ حکومت یہ اسکیم مزید چند ممالک تک توسیع کا بھی منصوبہ رکھتی ہے۔