ہندوستان کا جاریہ سال ترقی کا تناسب 7.3 فیصد آئندہ سال 7.4 فیصد : آئی ایم ایف

واشنگٹن ۔ 9 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے بارے میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے ایک بڑی اچھی رپورٹ تیار کی ہے جس کے مطابق 2018ء میں ہندوستان کی ترقی کا تناسب 7.3 فیصد اور آئندہ سال یعنی 2019ء میں 7.4 فیصد ہوگا۔ رپورٹ میں یہ واضح طور پر کہا گیا ہیکہ ہندوستان جاریہ سال ایک بار پھر دنیا کی سب سے تیز رفتار ترقی کرنے والے ملک کا موقف حاصل کرلے گا جس کے بعد وہ چین کو بھی 0.7 فیصد پوائنٹس کے ساتھ پیچھے کردے گا۔ 2017ء میں ہندوستان کی ترقی کا تناسب 6.7 فیصد رہا۔ ورلڈ اکنامک آؤٹ لک (WEO) کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہیکہ ہندوستان میں چونکہ بیشتر اصلاحاتی اقدامات کا اطلاق جیسے جی ایس ٹی، انفلیشن ٹارگیٹنگ نیٹ ورک، دی انسولوینسی اینڈ بینک رئپسی کوڈ اور بیرونی سرمایہ کاری اور کاروبار کرنے کو آسان بنانا، کیا گیا ہے جس نے ہندوستان کو انتہائی تیز رفتاری سے ترقی کرنے والے ممالک کی صف میں لاکھڑا کیا ہے۔