ہندوستان چھوڑدو تحریک کی یاد میں بی جے پی کی بیداری مہم

نئی دہلی ۔ 2 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی ، ہندوستان چھوڑدو تحریک کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر بی جے پی کی ایک زبردست مہم 70 سالہ آزادی ۔ یاد کرو قربانی کا 9 اگسٹ کو آغاز کریں گے جس میں تمام مرکزی وزراء ملک بھر کا دورہ کرکے جذبۂ حب الوطنی کو پروان چڑھائیں گے ۔ سینئر پارٹی لیڈر ایم وینکیا نائیڈو نے پارلیمانی پارٹی اجلاس کے فیصلہ سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ اس مہم کا مقصد عوام میں حب الوطنی کے جذبہ کو فروغ دینا اور نئی نسل کو مجاہدین آزادی کی قربانیوں سے آگاہ کرنا ہے ۔ انھوں نے جدوجہد آزادی کے دوران پیش آئے اہم واقعات بالخصوص کاکواں کیس ، جلیان والا باغ قتل عام ، ڈنڈی مارچ ، ہندوستان چھوڑدو تحریک کا تذکرہ کیا اور بتایا کہ پارٹی قائدین اور مرکزی وزراء ان مقامات کا دورہ کریں گے جہاں پر جدوجہد آزادی کے اہم واقعات پیش آئے ہیں اور مجاہدین آزادی کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کریںگے ۔ علاوہ ازیں بی جے پی ، 15 تا 22 اگسٹ ترنگا یاترا کا بھی اہتمام کریگی ۔