ہندوستان پڑوسی ممالک سے بہتر روابط کیلئے پابند عہد

ہم خوشحال ہونگے تو دوسروں کی مدد کرسکتے ہیں ، دہشت گردی تقسیم کی علامت :مودی

تھیمپو ۔16 جون ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان اور بھوٹان میں آج باہمی روابط کو ایک نئی جہت عطا کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ وزیراعظم نریندر مودی نے کہاکہ ایک مستحکم اور خوشحال ہندوستان علاقہ میں چھوٹے ممالک کی مدد کرسکتا ہے ۔ دو روزہ دورہ کے اختتام پر مودی نے یہ طمانیت دی کہ دہلی میں حکومت کی تبدیلی سے باہمی تعلقات متاثر نہیں ہوں گے اور ماضی کے تمام عہد پورے کئے جائیں گے۔ بھوٹان نے بھی یہ وعدہ کیا ہے کہ وہ اپنے علاقہ کو ہندوستان کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیگا ۔ وزیراعظم نے اپنا دورہ ختم ہونے سے قبل قومی اسمبلی کے اسپیکر جگمے زینگپو کی اس بات سے اتفاق کیا کہ ایک مستحکم ہندوستان بھوٹان کے حق میں بہتر ہوگا ۔ مودی کو بھوٹان کی پارلیمنٹ کے مشترکہ سیشن سے خطاب کا اعزاز حاصل ہوا ۔ اسپیکر کے خیرمقدمی خطاب کا حوالہ دیتے ہوئے مودی نے کہاکہ سارا علاقہ بالخصوص سارک ممالک کو اُس وقت فائدہ ہوسکتا ہے جب ہندوستان خوشحال ہو۔ صرف ایک مستحکم اور خوشحال ہندوستان ہی پڑوسی ممالک کو درپیش مسائل کو ختم کرنے میں مدد کرسکتا ہے ۔

نریندر مودی نے تین ہفتے قبل وزارت عظمیٰ کا جائزہ حاصل کیا اور یہ اُن کا پہلا بیرونی دورہ ہے۔ دونوں ممالک نے مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے اس عہد کا اعادہ کیا کہ باہمی روابط کو مزید مستحکم بنایا جائے گا ۔ دونوں ممالک نے باہمی سکیورٹی کے شعبہ میں تعاون پر اطمینان ظاہر کیا۔ اس کے علاوہ قومی مفادات کے سلسلے میں دونوں ممالک نے قریبی تعاون جاری رکھنے سے اتفاق کیا ہے اور یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایک دوسرے کے علاقہ کو مفادات پر ضرب لگانے والے اقدامات کیلئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ نریندر مودی نے کہا کہ ہندوستان اور بھوٹان دونوں جگہ اقتدار کی تبدیلی عمل میں آئی ہے لیکن دونوں کے باہمی تعلقات مستحکم ہیں۔ مودی نے کہا کہ دہشت گردی تقسیمکی علامتہے۔ انھوں نے کہاکہ بھوٹان کے پاس سیاحتی شعبے میں ترقی کے کافی مواقع ہیں ۔ اگر بھوٹان مستحکم ہوگا تو اس کا فائدہ ہندوستان کو ہوگا اور دونوں ممالک علاقے بالخصوص سارک ارکان کی اعانت کرسکتے ہیں۔ مودی نے کہاکہ ہندوستان پڑوسی ممالک کے بارے میں اپنی ذمہ داریوں کے تعلق سے ہمیشہ حساس رہا ہے ۔ مودی نے یہاں 600 میگاواٹ کھولنگچو ہیڈرو الیکٹرک پراجکٹ کا سنگ بنیاد رکھا جو ہند ۔ بھوٹان کا مشترکہ وینچر ہے ۔ مودی نے بھوٹان میں شہنشاہیت سے جمہوریت کی سمت کامیاب سفر کی تعریف کی اور کہا کہ 7 سال کے عرصہ میں بھوٹان نے کافی ترقی کی ہے ۔