پیرس ۔ 13 جنوری ۔ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے آج تین سال مکمل کرلئے جبکہ اُس کا آخری پولیو کیس سامنے آیا تھا ، جس کا مطلب ہے کہ اسے عنقریب سند مل جائے گی کہ اُس نے مفلوج کردینے والے وائرس کو شکست دیدی ہے جو عالمی سطح پر اس مرض کے انسداد کے لئے زبردست حوصلہ بخش تبدیلی ہے ، عالمی صحت تنظیم (ڈبلیو ایچ او) نے یہ بات کہی ۔ ہندوستانی وزیر صحت غلام نبی آزاد عالمی گروپوں کے ساتھ مل کر اس وائرس کے خاتمہ کے لئے انتھک جدوجہد کرتے رہے ہیں اور انھوں نے تین سال میں اس مرض کا کوئی نیا کیس سامنے نہ آنے کو بڑا سنگ میل قرار دیا۔ جسے بڑے پیمانے پر پولیو خوراک پلانے کے پروگرام کی مرہون منت بتایا جاسکتا ہے ۔
آزاد نے نئی دہلی میں نیوز کانفرنس کو بتایا کہ 2009 ء میں ہندوستان میں عالمی پولیو کا زائد از نصف بوجھ تھا اور آج ایسا تاریخی دن ہے جب ہم نے اس مرض کے کوئی بھی نئے کیس کے بغیر تین سال مکمل کرلئے ہیں۔ 1950 ء کے دہے تک پولیو نے ہر سال امیر ممالک میں تک ہزاروں افراد کو متاثر کر رکھا تھا ، لیکن بڑے پیمانے پر انسدادی اقدامات نے بتدریج ایک ایک ملک کو اس مرض سے پاک بنایا ہے ۔ عالمی برادری بشمول جرمنی نے ہندوستان کو پولیو سے چھٹکارا پانے پر مبارکباد دی ہے۔