ہندوستان پر علاقائی عدم استحکام پیدا کرنے پاکستان کا الزام

اسلام آباد ۔13 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے ہندوستان پر مبہم و بالواسطہ تنقید کرتے ہوئے آج الزام عائد کیا وہ ( ہندوستان) جنگ بندی کی خلاف ورزیوں اور اس ملک ( پاکستان ) کے مختلف علاقوں میں عسکریت پسندی کی تائید کے ذریعہ اس علاقہ میں عدم استحکام پیدا کررہا ہے ۔ جنرل راحیل شریف نے ہندوستان کا نام لئے بغیر کہاکہ ’’سکیورٹی پر لاحق ہماری فکر و تشویش کو ساری دنیا تسلیم کرتی ہے۔ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں ، بلوچستان ، وفاقی زیرانتظام قبائیلی علاقوں ( فاٹا ) اور کراچی میں جاری خونریزی سے دشمنوں کے مخاصمانہ ارادے ظاہر ہوتے ہیں‘‘۔ جنرل راحیل شریف نے جو بحری اکیڈیمی کے پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کررہے تھے مزید کہا کہ ’’پاکستان نے امن کیلئے دوسرے ملکوں کے ساتھ تعاون پر آمادگی کا اظہار کیا لیکن یہ پیشکش ہمارے قومی مفادات ، اقتدار اعلیٰ کے حقوق اور قومی فخر و وقار کی قیمت پر نہیں کی گئی ہے ‘‘۔ پاکستانی فوج کے سربراہ نے تین دن قبل یہ ریمارک بھی کیا تھا کہ ’’کسی کو بھی پاکستان پر بری نظر اُٹھانے کی جرء ت و جسارت نہیں کرنا چاہئے ‘‘ ۔ ایک فوجی بیان نے ان کے حوالے سے کہا کہ ’’خواہ وہ کشمیر ہو کہ نئی بندرگاہیں یا پھر قومی وسائل کی کھوج و نکاسی ہو ، پاکستان اپنی قومیت کی سلامتی اورمفادات کے تحفظ کیلئے کوئی بھی قیمت چکانے تیار ہے ‘‘ ۔ شریف نے کہاکہ چین ۔ پاکستان اقتصادی راہداری اس علاقہ کی عوام کی زندگیوں میں بڑے پیمانے پر تبدیلی لانے کی بے پناہ صلاحیتوں سے مالا مال ہے ۔ انھوں نے کہا کہ اس (پاک۔ چین ) راہداری کے خلاف دشمنوں کی مہم سے پاکستان پوری طرح واقف ہے اور ان کے عزائم کو شکست دی جائے گی ۔