ہندوستان پر امریکی تحدیدات عائد ہونے کی طمانیت نہیں : پنٹگان

واشنگٹن ۔ 30 اگست (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے آج ہندوستان کو ایک واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان نے روس سے جو ہتھیار خریدے ہیں اس کی وجہ سے ہندوستان پر عائد ہونے والی امریکی تحدیدات میں کوئی نرمی نہیں کی جائے گی۔ یاد رہیکہ ہندوستان نے روس نے تقریباً 5 بلین ڈالرس کا دفاعی سودا کیا ہے۔ یہ بات پنٹگان کے ایک اعلیٰ سطحی عہدیدار نے اس وقت کہی جب آئندہ ہفتہ ہندوستان کے دارالحکومت نئی دہلی میں ہند ۔ امریکہ 2+2 ڈائیلاگ کا انعقاد ہونے والا ہے۔ یاد رہیکہ امریکہ کے ایڈورسریز تھرو سینکشٹس ایکٹ (CAASTA) کے ذریعہ ہندوستان پر امریکی تحدیدات کی روک تھام ہے جبکہ ہندوستان روس سے پانچ S-400 میزائل ڈیفنس سسٹم خریدنے کا منصوبہ رکھتا ہے جس کے مصارف 4.5 بلین ڈالرس ہوسکتے ہیں۔ امریکی وزیردفاع جم میاٹس امریکی تحدیدات سے ہندوستان کو استثنیٰ دینے کے خلاف ہیں۔ ان کا کہنا ہیکہ ہم ہند ۔ روس کی دیرینہ دوستی کو سمجھتے ہیں اور ہم ہندوستان کے ساتھ اس کے مستقبل کی حکمت عملی پر بات کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ CAASTA کے ذریعہ ہندوستان تحدیدات سے بچنے کی کوشش ضرور کررہا ہے لیکن ہم اس بات کی طمانیت نہیں دے سکتے کہ مستقبل کی خریداری کیلئے ہندوستان پر تحدیدات عائد نہیں کی جائیں گی۔ پنٹگان کے اسسٹنٹ سکریٹری آف ڈیفنس برائے ایشین اینڈ پیسیفک سیکوریٹی امور رینڈال شریور نے یہ بات کہی۔ واشنگٹن میں کارنیگی انڈومنٹ فار انٹرنیشنل پیس میں ایک مجمع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ روس ایسا ملک نہیں ہے جس سے آپ حکمت عملی کی شراکت داری کی امید کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ CAASTA دراصل روسی رویہ کی دین ہے ناکہ ہندوستانی رویہ کی۔