ہندوستان و نیپال کے ہولناک زلزلہ مہلوکین کو خراج

متاثرین کے ساتھ اظہار یگانگت ، ٹی آر ایس اعظم پورہ ڈیویژن کی موم بتی ریالی
حیدرآباد۔یکم مئی(سیاست نیوز) نیپال اور نارتھ انڈیامیں آئے ہولناک زلزلہ کے مہلوکین کی یاد میںاسمبلی حلقہ ملک پیٹ کے نوجوانوں کی جانب سے موم بتی مارچ منعقد کیاگیا۔ چادرگھاٹ چمن چوراہے سے نکالی گئے مارچ کی نگرانی ٹی آرایس قائد جناب اعظم علی خرم نے کی جبکہ ٹی آر ایس اعظم پورہ ڈویثرن کے قائدین فرحان خان ‘ سلمان خان کے علاوہ حیات حسین حبیب‘ سید عقیل اور سینکڑوں کی تعداد میں نوجوان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ جناب اعظم علی خرم نے اسمبلی حلقہ ملک پیٹ کے نوجوانوں کے جذبہ خیرسگالی کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی سے وابستہ نوجوانون کا سکیولرازم پر مکمل ایقان ہے اور یہی وجہہ ہے کہ مسلم نوجوانوں کی بڑی تعداد مذہب ذات پات او رسرحدوں سے بالاتر ہوکر نیپال اور نارتھ انڈیا کے مختلف حصوں میںپیش آئے ہولنا ک زلزلے کی ہلاکتوں پر غمزدہ ہیں او ر موم بتی مارچ کے ذریعہ نیپال اور نارتھ انڈیا میںہوئے جان ومال کے نقصان پر تاسف کا اظہار کررہے ہیں۔انہوں نے نیپال کی ہولناک تباہی کے بعد حکومت ہند کی جانب سے امداد کے اعلان کو بھی قابلِ ستائش اقدام قراردیتے ہوئے کہاکہ قدرت کے سامنے انسان بے بس ہے اور ناگہانی حالات کاشکار عوام کے ساتھ کھڑا ہونا انسانی ہمدردی ہے۔ انہوں نے حیدرآبادی عوام سے اس نیپال اور نارتھ انڈیا کے زلزلہ کے متاثرین کی امداد کے لئے فراخدلانہ تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ٹی آر ایس پارٹی کی جانب سے نیپال اور نارتھ انڈیا زلزلہ متاثرین کی امداد کے لئے فنڈ اکٹھا کیا جائے گا۔انہوں نے مذہب ‘ ذات پات اور سرحدوں سے بالاتر ہوکر مصیبت زدگان کی امداد کے لئے ہر وقت تیار رہنے کا نوجوانوںکو مشورہ بھی دیا۔