دلوں کو جیتنے کی کوشش کرنے کی ضرورت ۔ فاروق عبداللہ کا خطاب
سرینگر ۔ یکم ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) یہ الزام عائد کرتے ہوئے ہندوستان نے کشمیر میں کئی غلطیاں کی ہیں سابق چیف منسٹر و رکن پارلیمنٹ فاروق عبداللہ نے کہا کہ لوگوں کے دل جیتنے کی کوشش کی جانی چاہئے ۔ فاروق عبداللہ نے یہاں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ ہندوستان نے غلطیاں نہیں کی ہیں۔ اس نے بھی غلطیاں کی ہیں۔ ضرورت کیا ہے کہ دفعہ 35 A کو منسوخ کیا جائے ۔ اس طرح کی چیزوں سے لوگ مجروح ہوتے ہیں۔ آپ کو دلوں کو جوڑنا چاہئے اس کے بعد ایسے کام کئے جانے چاہئیں کہ لوگوں کے دل جیتے جائیں۔ اس کے بغیر آپ کامیابی حاصل نہیںکرسکتے ۔ فاروق عبداللہ نے کسی کا نام لئے بغیر کہا کہ کچھ طاقتیں ہیں جو نہیں چاہتیں کہ وادی میں امن قائم ہو کیونکہ ان کا روزگار تشدد پر چلتا ہے ۔ ایک دن کشمیر پر فیصلہ کیا جائیگا لیکن ہمیں کوشش کرنی چاہئے کہ اس وقت تک ہم اپنے پیروں پر کھڑے رہیں۔ کچھ لوگ ایسا ہونے کا موقع نہیں دینا چاہتے ۔ جو طاقتیں ہمارے خون پر کھڑی ہیں وہ نہیں چاہتیں کہ یہاں امن قائم ہو۔ وہ چاہتے ہیں کہ امن ہم سے دور ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ مجالس مقامی اور پنچایت انتخابات عوام کی بہتری کیلئے ہیں۔ حکومت نے انتخابات کا اعلان کردیا ہے ۔ یہ کوئی ہندوستان یا پاکستان کیلئے فیصلہ نہیںہے ۔ یہ خود ہماری زندگی کو بہتر بنانے کا فیصلہ ہے ۔