’’ہندوستان نے کسی ملک پر حملہ نہیں کیا ‘‘

کسی کی زمین ہڑپنا بھی نہیں چاہتا ، قومی کاز کیلئے سپاہیوں نے غیرمعمولی قربانیاں دیں: مودی
نئی دہلی۔2 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے کسی ملک پر حملہ نہیں کیا اور وہ کسی کی زمین ہڑپ لینے کیلئے بھوکا بھی نہیں ہے۔ ہندوستانی عوام نے قومی کاز کیلئے کافی جدوجہد کی اور غیرمعمولی قربانیاں دی ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی نے آج یہ تبصرہ کیا۔ انہوں نے پاکستان کی جانب سے مسئلہ کشمیر کو مسلسل بین الاقوامی فورم میں اُجاگر کرنے کے پس منظر میں یہ بات کہی ہے۔ مودی نے پرواسی بھارتیہ کیندر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان نے کبھی کسی پر حملہ نہیں کیا۔ وہ کسی کی زمین کا بھوکا بھی نہیں ہے، لیکن دو عالمی جنگوں (جس میں ہندوستان کا کوئی راست عمل دخل نہیں تھا) میں 1.5 لاکھ ہندوستانی سپاہیوں نے اپنی زندگیوں کی قربانی دی۔ مودی نے کہا کہ بیرون ممالک ہندوستانی برادری بھی سیاست میں ملوث ہونے یا بیرونی زمینوں پر قابض ہونے پر یقین نہیں رکھتی۔ اس کے برعکس دیگر طبقات کے ساتھ میل جول بڑھاتے ہوئے سماجی بہتری کے اصول پر عمل پیرا ہوتی ہے۔

انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ اتنی بھاری قیمت چکانے کے باوجود ملک ساری دنیا کو اس کی قربانیوں کی اہمیت سے واقف کرانے میں ناکام رہا۔ مودی نے کہا کہ جب کبھی انہوں نے بیرونی ملک کا دورہ کیا، ان کی یہ کوشش رہی کہ ہندوستانی سپاہیوں کے یادگاروں پر ضرور جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی برادری بھی اس کاز کے لئے اپنا سرگرم رول ادا کرسکتی ہے۔ نریندر مودی نے کہا کہ بیرون ملک مقیم ہندوستانی شہری وہاں کی سیاست میں ملوث نہیں ہوتے اور وہ دیگر ممالک میں اقتدار پر قابض ہونے پر بھی یقین نہیں رکھتے۔ انہوں نے ہندوستانی شہری بیرونی ممالک میں سماجی ہم آہنگی کے اصول پر عمل کرتے ہیں۔ ان کی مثال پانی کی طرح ہے جو ضرورت کی مناسبت سے اپنا رنگ اور اپنی شکل تبدیل کرتا ہے۔ قبل ازیں وزیر اعظم نریندر مودی نے تارکین وطن کو ضروری سہولیات دستیاب کرانے کے لئے غیرمقیم ہندوستانیوں کے مرکز کا آج یہاں افتتاح کیا۔

اس موقع پر وزیر خارجہ سشما سوراج بھی موجود تھیں۔تقریب کا افتتاح کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ گاندھی جی کی جینتی پر اس مرکز کاآغاز کیا جارہا ہے ۔ گاندھی جی ملک سے باہر گئے لیکن وہ ملک کی تعمیر کے لئے وطن لوٹ کر آئے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ مرکز تارکین وطن کی فلاح و بہبود کے لئے وقف ہے ۔ پوری دنیا آج تیزی سے ترقی پذیر ہندوستان کی طرف بے چینی سے دیکھ رہی ہے ۔ ان میں کچھ حالات کی رکاوٹ بھی ہو سکتی ہے لیکن یہ مرکز اس طرح کی رکاوٹوں کو دور کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہا کہ یہ عمارت اینٹوں اور گارا چونے کا محض ڈھانچہ نہیں ہے بلکہ یہ ہمارے آباء و اجداد کی ایک یادگار ہے جو بیرون ملک گئے تھے اور جنہوں نے ملک کی تعمیر میں کردار ادا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس مرکز سے تارکین وطن کو تمام طرح کی سہولیات دستیاب کرائی جائیں گی۔