چوتھے ٹسٹ میں ہندوستان 8 وکٹوں سے فاتح ، جڈیجہ میچ اور سیریز کے بہترین کھلاڑی
دھرم شالہ۔ 28مارچ (سیاست ڈاٹ کام) لوکیش راہول (ناٹ آوٹ 51) اور قائم مقام کپتان اجنکیا رہانے (ناٹ آؤٹ 38) نے ہندوستان کو آسٹریلیا کے خلاف چوتھے اور سیریز کے فیصلہ کن ٹسٹ کے چوتھے ہی دن آٹھ وکٹ سے جیت دلاتے ہوئے بارڈر-گواسکر ٹرافی پر اپنا قبضہ جما لیا۔ ہندستان نے پہلا ٹسٹ ہارنے کے بعد 1۔2 سے بارڈر-گواسکر ٹرافی اپنے نام کیا۔ یہ چوتھا موقع ہے جب ہندستانی ٹیم نے پہلا میچ ہارنے کے بعد ٹسٹ سیریز اپنے نام کی ہے ۔ اس سے پہلے سال 01۔2000میں بھی ہندستان ایسا کر چکا ہے ۔ ہندستانی ٹیم نے میچ کے تیسرے ہی دن آسٹریلیائی ٹیم پر اپنی گرفت مضبوط کرلی تھی اور 106 رن کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے صبح کے سیشن میں اس نے 23.5 اوور میں دو وکٹ کے نقصان پر106 رن بنا کر کامیابی اپنے نام کر لی۔ راہول اور رہانے نے تیسری وکٹ کے لئے 60 رن کی ناٹ آووٹ شراکت داری کرکے میچ کو ہندستان کے حق میں کردیا۔ اوپنر راہول ایک مرتبہ پھر اہم ثابت ہوئے اور انہوں نے 76 گیندوں میں نو چوکے لگا کر ناٹ آؤٹ 51 رن کی نصف سنچری بنائی اور ویراٹ کوہلی کی غیر موجودگی میں کپتانی کر رہے رہانے نے 27 گیندوں میں چار چوکے اور دو چھکے لگا کر ناٹ آؤٹ 38 رن بنائے ۔ دھرم شالہ کے ایچ پی سی اے اسٹیڈیم میں ہندستانی ٹیم نے صبح اپنی اننگز کو کل کے 19 رن سے آگے بڑھایا اور اس وقت تک اس کے تمام 10 وکٹ محفوظ تھے ۔ راہول 13 رن اور مرلی وجے چھ رن پر ناٹ آؤٹ تھے اور ہندستان کو فتح کے لئے محض 87 رنز کی ضرورت تھی۔ پہلے وکٹ کے لئے راہول نے مرلی کے ساتھ 46 رن کی شراکت داری کی اور 13 ویں اوور میں پیٹ کمنز نے میتھیو ویڈ کے ہاتھوں مرلی کو کیچ آؤٹ کروا دیا۔ مرلی نے 35 گیندوں میں آٹھ رن بنائے لیکن پھر اسی اسکور پر آسٹریلیا نے چتیشور پجارا کو کھاتہ کھولنے کا موقع بھی نہیں دیا اور گلین میکسویل نے انہیں رن آؤٹ کرکے دوسرا وکٹ بھی حاصل کر لیا۔ اگرچہ آسان ہدف کا تعاقب کر رہی ہندستانی ٹیم کو اس سے زیادہ فرق نہیں پڑا کیونکہ دوسرے سرے پر اوپنر راہول جم کر رن بناتے رہے ۔ راہول نے پھر رہانے کے ساتھ مل کر کسی اور وکٹ کے نقصان کے بغیر ہدف حاصل کرکے ہندستان کو آٹھ وکٹ سے میچ میں جیت دلا دی۔ راہول نے 76 گیندوں میں اپنے 50 رن پورے کئے جو ان کی موجودہ سیریز میں چھٹی نصف سنچری ہے اور وہ ساتھ ہی پجارا کے بعد دوسرے بہترین اسکورر بھی رہے ۔ آسٹریلیا کے بولروں کے پاس اپنا دفاع کرنے کے لئے کوئی اسکور نہیں تھا اور انہوں نے بھی مایوسی میں میچ کی خانہ پری کی۔ ہندستان نے جو دو وکٹ گنوائے ان میں ایک رن آؤٹ ہوا اور کمنز نے 42 رن پر ایک وکٹ لیا۔جڈیجہ میچ اور سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔