واشنگٹن ۔ 24 مئی (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے جن آٹھ ممالک پر ایران سے تیل خریدنے پر عارضی پابندی عائد نہیں کی تھی اس کی میعاد پورے ہونے کے بعد ہندوستان نے ایران سے تیل کی خریداری مسدود کردی ہے۔ اس طرح اب ایران سے تیل نہ خریدنے والے ممالک میں ہندوستان بھی شامل ہوگیا۔ امریکہ میں ہندوستان کے سفیر ہرش وردھن شرنگلا نے کہا کہ امریکہ نے ایران کے 2015ء نیوکلیئر معاہدہ سے الگ ہونے کے بعد گذشتہ سال نومبر میں اس پر نئی تحدیدات عائد کردی ہیں۔ امریکہ چاہتا ہیکہ ایران کے خام تیل کی برآمد صفر ہوجائے۔ البتہ ایران نے چھ ممالک کو 2 مئی تک ایران سے تیل درآمد کرنے کی اجازت دی تھی اور اس کے بعد اب ہندوستان بھی ایران سے تیل کی خریداری نہیں کرسکتا حالانکہ ہندوستان نے امریکہ سے خواہش کی تھی کہ ایران سے تیل کی خریداری کی میعاد میں توسیع کی جائے لیکن امریکہ نے توسیع سے انکار کردیا۔