ممبئی۔/11ستمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان نے آج ایک بار پھر اپنے ان عزائم کا اظہار کیا کہ عالمی سطح پر دہشت گردی کا صفایا کردیا جائے گا۔ ہندوستان ہر اس کوشش کی حوصلہ افزائی کرے گا جو دہشت گردی کے صفائے کیلئے کی جائے گی۔ ریاستی وزیر برائے امور داخلہ جنرل ( ریٹائرڈ ) وی کے سنگھ نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان نے ہر شعبہ میں ہر اس سرگرمی کی تائید کی ہے جو انسداد دہشت گردی کے لئے چلائی گئی۔ ہندوستان انسداد دہشت گردی کا ہمیشہ سے حامی تھا اور ہمیشہ رہے گا۔ جنرل وی کے سنگھ نے صحافیوں کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے یہ بات کہی۔ جہاں ان سے پوچھا گیا تھا کہ کیا ہندوستان آئی ایس آئی کے خلاف امریکہ کی جنگ میں شامل ہوگا جس نے شام اور عراق کے قابل لحاظ علاقوں پر قبضہ کرلیا ہے اور وہاں ہزاروں افراد کو گرفتار اور قتل کرنے میں ملوث ہے ، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔