نئی دہلی۔ 18 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کی 120 کروڑ آبادی میں 95.5 کروڑ موبائل فون کنکشنس ہیں۔ وزیر ٹیلیکام روی شنکر پرساد نے آج لوک سبھا میں یہ بات بتائی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تعداد اس بات کا مظہر ہے کہ ملک میں موبائل فون نیٹ ورک کس قدر وسعت اختیار کرگیا ہے۔ انہوں نے وقفۂ سوالات کے درمیان بتایا کہ گزشتہ سال تک ملک میں 30 کروڑ انٹرنیٹ کنکشنس تھے جو امریکہ سے زیادہ اور چین کے بعد دوسرے مقام پر ہیں۔ اسمارٹ فونس کے استعمال کرتے ہوئے ہندوستان کا امریکہ کا دوسرا مقام ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزارتِ ٹیلیکام کی جانب سے ٹیکنالوجی ڈیولپمنٹ فار انڈین لینگویجس (ٹی ڈی آئی ایل) پروگرام پر عمل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت دستور میں تسلیم کردہ 22 ہندوستانی زبانوں کے ٹولس اور فونٹس پر مبنی سافٹ ویئر ٹولس خصوصی ویب سائیٹ کے ذریعہ عوام کیلئے دستیاب ہیں۔ اس سے شہریوں کو اپنی اپنی زبانوں میں انفارمیشن اور ٹیکنالوجی سے استفادہ کی سہولت حاصل ہورہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت ریسرچ اور ڈیولپمنٹ پر توجہ دی جارہی ہے جو بدلتی ضروریات کے تقاضوں کو پورا کرسکے۔