ہندوستان میں چائے پینے والے ، حیدرآبادیوں کا پہلا مقام

حیدرآباد ۔ 26 ستمبر ( سیاست نیوز ) شہر حیدرآباد میزبانی کیلئے ساری دنیا میں مشہور ہے اور اس کی میزبانی میں بھی بریانی اور ایرانی چائے نمایاں مقام رکھتی ہیں ۔ حیدرآبادی بریانی اور چائے پر بالی ووڈ کے علاوہ تلگو اور دیگر جنوبی ہندوستان فلموں میں کئی ایک مشہور گانے بھی بن چکے ہیں اور اب ہندوستان بھر کے مشہور شہروں میں چائے بمقابلہ کافی کے سروے کے نتیجہ میں چائے نے جنوبی ہندوستانی شہروں میں اپنی سبقت بنائی ہے جبکہ دارالحکومت دہلی کے عوام بھی چائے کو پسند کرنے میں آگے ہے ۔ ممبئی جس کے متعلق مشہور ہے کہ یہ شہر کبھی نہیں سوتا لیکن وہ چائے کی برعکس کافی کا استعمال زیادہ کرتا ہے ۔ چائے کے معاملے میں سارے ہندوستان میں حیدرآبادی عوام سب سے آگے ہے ۔ ’’ اوبرایٹ ‘‘ جو کہ غذائی اشیاء فراہم کرنے والا ایک اسمارٹ فون ایپ ہے اس نے ہندوستان کے اہم شہروں میں چائے بمقابلہ کافی کے آرڈر کا تجزیہ کیا تو حیدرآبادی عوام چائے پینے والوں میں سارے ہندوستان میں سب سے آگے ہیں ۔ حیدرآبادی عوام 48 فیصد چائے پیتے ہیں جبکہ دہلی میں کافی کی برعکس 31.43 فیصد زیادہ لوگ چائے کو ترجیح دیتے ہیں ۔ ممبئی کے عوام چائے کی بہ نسبت کافی کو زیادہ اہمیت دیتے ہیں اور وہ چائے کی بہ نسبت کافی کو دوگنا زیادہ پیتے ہیں ۔ جنوبی ہندوستان کے شہروں میں حالانکہ نیلگری کے علاوہ کافی کی اچھی خاصی کاشت ہوتی ہے اس کے باوجود حیدرآباد، بنگلور اور چینائی جیسے میٹرو شہروں میں عوام کی پہلی پسند چائے ہے ۔ چائے کی ویسے تو کئی اقسام موجود ہیں جن میں کڑک چائے ( ادرک کی چائے ) ، مسالا چائے ، آئس چائے ، الائچی کی چائے اور کیٹنگ چائے مشہور ہے جبکہ کافی میں کولڈ کافی ، روایتی فیلٹر کافی ، ویسٹرن کیپیچنو ، کافی شیک اور لائیڈ مشہور ہیں ۔ اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ حالات کچھ بھی ہوں اور موسم کیسا بھی ہو ہندوستانی عوام دن میں کم از کم 2 مرتبہ تو چائے پیتے ہیں ۔ صبح 9بجے اور شام 4 بجے چائے پینے کا اہم وقت مانا جارہا ہے جبکہ کافی کے آرڈر 11بجے اور شام 4 بجے زیادہ ریکارڈ ہوئے ہیں ۔