نئی دہلی ۔13 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان میں پٹرول کی قیمت پڑوسی ملک پاکستان اور سری لنکا سے زیادہ لیکن بنگلہ دیش اور نیپال سے کم ہے ۔ وزیر تیل دھریندر پردھان نے آج یہ بات بتائی ۔ انھوں نے کہاکہ دہلی میں پٹرول کی قیمت 63.16 روپئے فی لیٹر ہے جو پاکستان میں 44.05 روپئے فی لیٹر سے زیادہ ہے۔ اسی طرح سری لنکا میں بھی 54.75 روپئے سے زیادہ ہے ۔ اس کے برعکس یہ قیمت بنگلہ دیش 76.97 روپئے اور نیپال میں 68.13 روپئے فی لیٹر سے کم ہے۔ ڈیزل کی قیمت دہلی میں 49.57 روپئے فی لیٹر ہے اور یہ تمام پڑوسی ممالک ماسوا سری لنکا کم ہے ۔
انھوں نے راجیہ سبھا کو تحریری جواب میں بتایا کہ پاکستان میں ڈیزل کی قیمت 51.15 روپئے فی لیٹر ، بنگلہ دیش میں 54.27 روپئے اور نیپال میں 54.27 روپئے فی لیٹر ہے ۔ نیپال میں گاڑیوں کیلئے ایندھن کی ضروریات ہندوستان سے پوری ہوتی ہیں ۔ ہندوستان نے نومبر 2014 اور جنوری 2015 ء کے مابین پٹرول اور ڈیزل پر اکسائز ڈیوٹی میں چار مرتبہ اضافہ کیا ہے تاکہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں گراوٹ اور چھ سال میں سب سے کم ہونے کا فائدہ ہوسکے۔ اس طرح پٹرول پر اکسائیز ڈیوٹی میں 7.75 روپئے فی لیٹر اور ڈیزل پر 6.40 روپئے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے ۔ اگر یہ اضافہ نہ کیا جاتا تو پٹرول اور ڈیزل کی چلر فروش قیمت ذیل میں بالترتیب 55.41 اور 43.07 روپئے فی لیٹر ہوتی ۔ پردھان نے بتایا کہ ایک سال قبل دہلی میں پٹرول سارے جنوبی ایشیا میں سستا ہونے کے اعتبار سے دوسرے مقام پر تھا ۔