ہندوستان میں نقد ادائیگی کو ختم کرنے پر توجہ

قومی و بین الاقوامی بینکوں میں موبائیل اپلی کیشن متعارف، کیاش لس ادائیگی کی تجویز
حیدرآباد۔28 اگسٹ ( سیاست نیوز) ملک میں تیزی کے ساتھ نقد ادائیگی کے چلن کے خاتمہ پر توجہ دی جانے لگی ہے۔ نیشنل پے مینٹ کارپوریشن آف انڈیا کے بموجب قومی و بین الاقوامی سطح کے بینکوں کی جانب سے موبائیل ایپلیکیشن متعارف کروائے جا رہے ہیں تاکہ Cashlessادائیگی کے چلن میں اضافہ کیا جا سکے۔ تاحال ملک میں چار بینکس کی جانب سے یونیفائیڈ پے مینٹ انٹر فیس متعارف کروایا جا چکا ہے اور اس کے ذریعہ ادائیگیوں میں اب کوئی مشکلات نہیں ہوں گی اور اب تک آن لائین خریداری میں کریڈٹ کارڈ یا ڈیبٹ کارڈ کی تفصیلات کی فراہمی کے لئے خطرہ تصور کی جا تی تھی اب وہ مسئلہ بھی نہیں رہے گا بلکہ بینک صارفین کو خصوصی آئی ڈی فراہم کرے گا اور اس شناخت کے ذریعہ صارفین اپنے کھاتوں سے راست منتقلی یا ادائیگیوں کو یقینی بنا سکیں گے۔ نیشنل پے مینٹ کارپوریشن آف انڈیا کے بموجب یہ طریقۂ کار انتہائی آسان اور محفوظ ہوگا اور اس میں کوئی خدشات نہیں ہوں گے۔ یونیفائیڈ پے مینٹ انٹرفیس کے ذریعہ رشتہ داروں و دوست احباب کے کھاتوں میں رقمی منتقلی‘ بلوں کی ادائیگی‘ ریلوے و فلم ٹکٹ کی خریداری‘ انشورنس پریمیم کی ادائیگی کے علاوہ اسکول فیس‘ عطیات وغیرہ بھی ادا کئے جا سکیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ فوری طور پر بینک آف مہاراشٹرا ‘ ایکسس بینک‘ یونین بینک آف انڈیا اور فیڈرل بینک نے انڈرائیڈ فون صارفین کیلئے یہ اپلیکیشن کا آغاز کردیا ہے لیکن آئی فون استعمال کرنے والے صارفین کو اس سہولت سے استفادہ کرنے کیلئے کچھ وقت مزید انتظار کرنا ہوگا۔یو پی آئی کی سہولت کے آغاز کے بعد رقومات کی ادائیگی اور آن لائین خریداری میسیج کرنے میں آسانی اور صارفین صرف موبائیل کے استعمال کے ذریعہ ان کاموں کو ممکن بنا سکیں گے جن کیلئے انہیں بینک کی قطاروں میں ٹھہرنا پڑتا تھا یا پھر کارڈ کا استعمال کرنا نا گزیر ہوتا تھا۔ اس سہولت کے آغاز کے بعد سب سے اہم بات یہ ہوگی کہ شہریوں کو ساتھ میں نقد رقومات لیکر پھرنا نہیں پڑے گا بلکہ وہ یہ کہہ سکتے ہیں کہ ان کا اپنا بینک کھاتہ ان کے اپنے موبائیل میں موجود ہے۔انڈرائیڈ فون استعمال کرنے  والے ان بینکوں کے صارفین جو نیشنل پے مینٹ کارپوریشن آف انڈیا سے اشتراک کرنے والے بینکوں سے تعلق رکھتے ہیں وہ صرف ایک اپلیکیشن ڈاؤن لوڈ کرتے ہوئے اس سہولت سے استفادہ کر سکتے ہیں اپلیکیشن ڈاؤن لوڈکرنے کے بعد انہیں ایک مخصوص یوزر تیار کرنا ہوگا جس کے ساتھ ہی بعد تصدیق وہ ان سہولتوں سے استفادہ کے موقف میں رہیں گے۔اس اپلیکیشن میں صارفین کو کوئی خفیہ معلومات کی فراہمی کی ضرورت نہیں رہے گی ۔