واشنگٹن 5 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ اور ہندوستان دونوں ہی ممالک سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے امریکی قانون سازوں سے اُن اندیشوں کا تذکرہ کیا ہے جن کا مذہبی اقلیتیں مرکز میں بی جے پی کی حکومت تشکیل دیئے جانے کے بعد سامنا کرسکتی ہیں۔ امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی (USCIRF) کی نائب صدرنشین کٹرینہ لانٹوس نے ٹام لائٹوس ہیومن رائٹس کمیشن آف دی یو ایس کانگریس کے روبرو ہندوستان میں مذہبی اقلیتوں کو درپیش مشکلات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ USCIRF فی الحال ہندوستان میں موجودہ حالات کا قریب سے جائزہ لے رہا ہے جہاں انتخابی سرگرمیاں عروج پر ہیں۔ لائنوس نے کہاکہ USCIRF کو مختلف مذہبی اقلیتوں کی جانب سے ایسی رپورٹس مل رہی ہیں جہاں وہ مرکز میں بی جے پی کی قیادت والی حکومت کی تشکیل اور نریندر مودی کی بحیثیت وزیراعظم تقرری پر پریشان ہیں۔ کیونکہ اُنھیں اندیشہ ہے کہ اگر ایسا ہوا تو اُن کی مذہبی آزادی ختم ہوجائے گی۔ یاد رہے کہ مرکز میں بی جے پی نے 1998 ء تا 2004 ء حکومت کی ہے۔