جی ایس ٹی کے نفاذ سے تجارت پر منفی اثر ، سیاحتی ویزوں سے سونے کی منتقلی
حیدرآباد۔27جولائی (سیاست نیوز) محاورہ مشہور ہے کہ ضرورت ایجاد کی ماں ہوتی ہے اور جب کبھی انسان کو کسی چیز کی شدید ضرورت محسوس ہوتی ہے تو وہ اپنی راہیں خود تلاش کرلیتا ہے ۔ اسی طرح حکومت ہند کی جانب سے جی ایس ٹی کے نفاذ کے بعد سونے کی تجارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے لیکن اس کے برعکس دبئی میں سونے کی فروخت میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے اور سیاحتی ویزا پر روانہ ہونے والے شہری بالخصوص ہندستانی عوام جو شادی بیاہ وغیرہ کیلئے سونا خریدنے والے ہیں وہ دبئی کا سفر کرتے ہوئے سونے کی خریدی کرنے لگے ہیں کیونکہ انہیں ہندستان میں جی ایس ٹی کے سبب جو نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے وہ اس سے بچنے میں کامیاب ہونے لگے ہیں۔جنوبی ہند میں غیر مسلم شادیو ںمیں آدھا کیلو تا 2کیلو سونا دیا جاتا ہے او راس پر جی ایس ٹی کے علاوہ میکنگ چارجس ودیگر ڈیوٹی کے سبب ہندستان میں سونے کی قیمت میں کافی اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے ۔ دبئی میں سونے کی فروخت میں 7تا10 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور اس اضافہ کی بنیادی وجہ ہندستان میں جی ایس ٹی کا نفاذ بتایاجا رہا ہے ۔ دبئی صرافہ بازار کے سرکردہ تاجرین نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ یکم جولائی کے بعد سے سونے کے زیورات خریدنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اورہندستانی شہری پہن کر جانے کے زیورات کو ترجیح دینے لگے ہیں جو کے دبئی صرافہ بازار کیلئے بھی کافی منافع بخش ثابت ہوتا جا رہا ہے لیکن یہ سلسلہ طویل عرصہ تک جاری رہنے کے امکانات نہیں ہیں کیونکہ دبئی میں یکم جنوری 2018 سے 5فیصد ویاٹ عائد کرنے کا فیصلہ کیا جا چکا ہے ۔دبئی صرافہ بازار میں اضافہ ہوئی سرگرمیوں کے متعلق تاجرین کاکہنا ہے کہ ہندستانی شہری جو سیاحتی ویزے پر دبئی پہنچ رہے ہیںوہ بھی سونے کی یہاں سے خریدی کو ترجیح دے رہے ہیں اور پہن کرلیجانے جتنے سونے میں جو بچت ہو رہی ہے وہ سفری اخراجات میں خرچ ہورہی ہے لیکن اس کے باوجود بھی ہندستانی شہریوں کو قیمت کے اعتبار سے دبئی سے سونے کی خریدی میں فائدہ حاصل ہورہاہے۔ سونے پر عائد ہونے والے جملہ محصولات کے سبب ہندستانی خریداروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے علاوہ ازیں ملک میں سونے کی خریدی پر شناختی کارڈ کی نقل اور پیان کارڈ حوالے کرنے کے امور سے بھی انہیں چھٹکارہ حاصل ہورہا ہے ۔ دبئی سے سونے کی خریدی کرنے والوں کا کہنا ہے کہ وہ دبئی سے اتنا سونا بہ آسانی لا سکتے ہیں جو پہن کر آیا جاسکتا ہے اور وہ ایساکرتے ہوئے خود کو کئی مسائل سے بچانے کے علاوہ اپنی ضرورت کی تکمیل میں کامیاب ہوتے جا رہے ہیں۔جنوبی ہند کی ریاستوں سے تعلق رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ طویل مدت سے دبئی میں خدمات انجام دینے والے شہری اپنے رشتہ دارو ںکو سیاحتی ویزا پر مدعوکرتے ہوئے ان کے ذریعہ سونا روانہ کر رہے ہیں۔ ڈالر کے مقابلہ روپئے کی قیمت میں بہتری کے سبب بھی دبئی سے سونے کی خریدی میں ہندستانی شہریو ںکو فائدہ حاصل ہو رہاہے۔