ہندوستان میں سرمایہ کاری کی صدرجمہوریہ پرنب مکرجی کی پرزور اپیل

ہیلسنکی 16 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان میں سرمایہ کاری کی پرزور اپیل کرتے ہوئے صدرجمہوریہ ہند پرنب مکرجی نے کہاکہ ہندوستان 2014-16 ء کیلئے راست غیرملکی سرمایہ کاری کی چوتھی انتہائی پُرکشش منزل ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ہندوستان دنیا کی وسیع ترین معیشتوں میں سے ایک بن کر اُبھر رہا ہے اور ہماری معیشت اِس حقیقت کا ثبوت ہے کہ عالمی معاشی بحران کا ہندوستان پر دیگر ممالک کی بہ نسبت بہت کم اثر مرتب ہوا ہے۔ وہ فن پرو کی بزنس میٹنگ سے خطاب کررہے تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ ہندوستانی معیشت 2014-15 ء کی پہلی سہ ماہی میں 5.7 فیصد سالانہ کی شرح سے فروغ پذیر ہے۔ اِس کی وجہ سے ہندوستان میں سرمایہ کاری سے دلچسپی پیدا ہوئی ہے حالانکہ گزشتہ دو سال سے ہماری جی ڈی پی شرح ترقی پانچ فیصد سے کم رہی ہے۔ اِس کے باوجود یہ بیشتر بڑی معیشتوں سے سوائے چین کے بہتر رہی ہے۔ مکرجی نے کہاکہ مثبت اشارے مل رہے ہیں کہ معیشت عنقریب بحال ہوجائے گی۔

اُنھوں نے کہاکہ اقدامات کا مقصد عظیم تر سرمایہ کار مفادات، بڑے پیمانے پر معاشی مبادیات کا استحکام اور انفراسٹرکچر شعبہ میں نئی جان ڈالنا ہے۔ ہندوستانی معیشت ایک بار پھر 7 تا 8 فیصد شرح ترقی کے حصول کے لئے تیار ہے۔ صدرجمہوریہ نے کہاکہ خارجی شعبہ مستحکم شرح تبادلہ کے ساتھ مستحکم ہوچکا ہے۔ معاشی موقف بہتر ہے کیونکہ ارتکاز کے اقدامات کئے گئے ہیں۔ قیمتوں کی سطحیں اور پیداواری شعبہ میں چند سال قبل مشکل مرحلے آئے تھے جو ختم ہوچکے ہیں۔ غذائی اجناس کی تیاری گزشتہ سال ریکارڈ سطح پر پہونچ گئی تھی کیونکہ زرعی شعبہ میں 4.7 فیصد کی زبردست پیداوار 2013-14 ء میں ریکارڈ کی گئی تھی۔ ہماری راست غیر ملکی سرمایہ کاری پالیسی کو وسیع تر پیمانے پر اُبھرتی ہوئی معیشتوں میں انتہائی فراخدل سمجھا جاتا ہے۔ ہمارے کئی شعبوں اور سرگرمیوں میں خودکار طریقہ سے 100 فیصد راست غیرملکی سرمایہ کاری کی اجازت دی گئی ہے۔ جس کی وجہ سے ہندوستان سرمایہ کاروں کے لئے انتہائی پُرکشش بن چکا ہے۔

صدرجمہوریہ نے کہاکہ فروغ پذیر ہندوستان کئی شعبوں میں سرمایہ کار دوست ماحول اور مواقع فراہم کرتا ہے۔ فن لینڈ کی کمپنیوں کو مزید باہمی تعلقات میں دلچسپی لینی چاہئے۔ نئی منتخبہ حکومت نے انفراسٹرکچر اور پیداواری شعبوں کو کلیدی مرکز توجہ قرار دیا ہے۔ سیاحت کے شعبہ میں بھی ہمارے باہمی تعلقات کے زبردست امکانات موجود ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ فن لینڈ کے سیاح اب ہندوستانی ایرپورٹس پر پہونچتے ہی ویزا حاصل کرسکیں گے۔ پرنب مکرجی نے کہاکہ انفراسٹرکچر شعبہ ہماری معیشت کا مرکز توجہ شعبہ ہے جس میں ایک کھرب امریکی ڈالر سے زیادہ سرمایہ کاری آئندہ برسوں میں انفراسٹرکچر کے لحاظ سے کی جاسکتی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ہندوستان نے کئی سہولتیں اور اسکیمیں جیسے صنعتی راہداری، صنعتی انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کی اسکیم، قومی سرمایہ کاری اور پیداواری علاقے، صنعتی جھرمٹ اور اسمارٹ سٹیز تاکہ انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جاسکے، قائم کئے جارہے ہیں۔