ہندوستان میں سرمایہ کاری کیلئے وزیر فینانس کی دعوت

سڈنی ۔ 29 ۔ مارچ ( سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کو اپنے کاروباری طریقہ میں مزید لچکداری پیدا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ سرمایہ کاری میں اضافہ ہوسکے۔ مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی نے آج کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو اپنی فاضل دولت ہندوستان کے انفراسٹرکچر ، پنشن اور انشورنس فنڈس میں سرمایہ کاری کیلئے استعمال کرنی چاہئے ۔ انہوںنے آسٹریلیا کے سرمایہ کاروں کو تیقن دیا کہ حکومت مختلف مسائل کی یکسوئی کرچکی ہے جو اسے ورثہ میں ملے تھے ، جن کا تعلق ٹیکس اندازی سے تھا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بتدریج کارپوریٹ ٹیکس کی شرح میں کم کرنے کیلئے کوشاں ہیں اور انہیں جو فی الحال 30 فیصد ہیں، عالمی شرح 25 فیصد تک لانے کی کوشش کر رہی ہے۔ جیٹلی نے اعتراف کیا کہ ہندوستان عالمی تجارت میں انحطاط میں متاثر ہوا ہے ، وہ سڈنی میں جین اسکول آف گلوبل مینجمنٹ کے ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔