واشنگٹن 4 جون (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے کہاکہ اسے ہندوستان میں جنسی تشدد اور قتل کی اطلاعات نے ’’دہشت زدہ‘‘ کردیا ہے۔ امریکہ نے افراد کے کردار کی بھی ستائش کی۔ سرکاری عہدیداروں اور سیول سوسائٹیز گروپس نے جو زندہ بچ جانے والوں کے تحفظ کے لئے جدوجہد کررہے ہیں، انھیں بھی قابل ستائش قرار دیا۔ وزارت خارجہ امریکہ کی نائب ترجمان ماری وہارف نے پریس کانفرنس کے دوران کہاکہ دیگر کئی ممالک کی طرح ہندوستان میں بھی جنسی حملوں اور قتل کی وارداتوں کے بارے میں اطلاعات ملی ہیں جو انتہائی دہشت ناک ہیں۔
ہمارے جذبات و احساسات متاثرین کے مصیبت کے وقت اُن کے ساتھ ہیں۔ وہارف بے رحمانہ اجتماعی عصمت ریزی اور قتل کی واردات کا حوالہ دے رہی تھیں جو گزشتہ ہفتہ یوپی کے ضلع بدایوں میں 2 کمسن بہنوں کے ساتھ پیش آئی تھی۔ اُنھوں نے کہاکہ جیسا کہ ہم کہہ چکے ہیں قوانین کی تبدیلی اور رویوں کی تبدیلی کے لئے سخت محنت ضروری ہوگی۔ تاہم اوباما انتظامیہ سرکاری عہدیداروں، سیول سوسائٹی گروپس اور دیگر افراد کے زندہ بچ جانے والے افراد کے تحفظ کے لئے کی ہوئی کارروائی کی ستائش کرتا ہے۔