الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں پر روسی ماہرین کا کنٹرول ، وی وی پیاٹس کی گنتی کا مطالبہ : چیف منسٹر اے پی کا بیان
حیدرآباد۔24اپریل(سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے الکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی کارکردگی پر دوبارہ شبہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ الکٹرانک ووٹنگ مشینوں پر روسی ماہرین بہ آسانی کنٹرول حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ اس بات کی توثیق نہیں کرسکتے لیکن یہ اطلاعات موصول ہورہی ہیں کہ الکٹرانک ووٹنگ مشینوں پر کنٹرول حاصل کرتے ہوئے نتائج کو تبدیل کیا جاسکتا ہے اور روسی ماہرین ایساکرنے کے لئے کروڑہا روپئے حاصل کر رہے ہیں ۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ الکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں الٹ پھیر کی گنجائش سے کوئی انکار نہیں کرسکتا اسی لئے عوام میں جو بات چل رہی ہے کہ روسی تکنیکی ماہرین کی جانب سے الکٹرانک ووٹنگ مشینوں پر کنٹرول حاصل کیا گیا تھا اس پر یقین کرنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے کیونکہ 18ممالک میں انتخابات کیلئے ووٹنگ مشینوں کے استعمال کو ترک کرتے ہوئے یہ واضح کیا گیا تھا کہ الکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ذریعہ کی جانے والی رائے دہی پر کنٹرول حاصل کرنا کوئی مشکل نہیں ہے۔انہوں نے الیکشن کمیشن آف انڈیا سے تمام وی وی پیاٹ کی گنتی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کے تحفظ کے لئے تلگو دیشم پارٹی عدالت عظمی سے رجوع ہوتے ہوئے تمام وی وی پیاٹ کی گنتی کی استدعا کرے گی اور اس بات کی خواہش کی جائے گی کہ ہندستان میں جمہوریت کے تحفظ اور عوامی رائے کے احترام کو یقینی بنانے کیلئے تمام وی وی پیاٹ کی گنتی کو یقینی بنایا جائے۔
چیف منسٹر آندھرا پردیش نے کہا کہ انہیں اترپردیش‘ گوا اور کیرالہ سے بھی الکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی کارکردگی کے سلسلہ میں شکایات موصول ہوئی ہیں اور ان شکایات کا جائزہ لینے کے بعد ہی اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ تمام وی وی پیاٹ کی گنتی کیلئے عدالت میں درخواست داخل کی جائے۔انہو ںنے نریندر مودی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت انتہائی خطرناک رہی کیونکہ اس دور حکومت میں ملک کی معیشت تباہ ہوئی اور ذرائع ابلاغ اداروں پر مکمل کنٹرول حاصل کرتے ہوئے صحافتی آزادی کو کاری ضرب پہنچائی گئی ۔جس کی سیاسی جماعت یا قائد نے مرکزی حکومت پر تنقیدکی ان پر سنگین دفعات عائد کرتے ہوئے انہیں مقدمات میں ماخوذ کیا گیا اور ان پر دھاوے کرواتے ہوئے خوفزدہ کرنے کی کوشش کی گئی ۔چندرابابو نائیڈو نے کہاکہ نریندر مودی دور حکومت میں سی بی آئی اور ای ڈی کا اپوزیشن کے خلاف استعمال کیا گیا۔ انہوںنے دعوی کیا کہ این ڈی اے کو ملک میں دوبارہ اقتدار حاصل نہیں ہوگا اور بھارتیہ جنتا پارٹی اور حلیف جماعتوں کو 150سے زائد نشستیں حاصل نہیں ہوں گی۔