نئی دہلی ۔ 2 ۔ دسمبر : ( سیاست ڈاٹ کام) : ہندوستان میں جاریہ سال جملہ 136زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے تاہم گذشتہ 3 عشروں کے اعداد و شمار سے پتہ چلا ہے کہ زلزلوں کی شرح میں کمی و بیشی نہیں ہوئی ہے ۔ وزیر اراضیات سائنس مسٹر ہرش وردھن نے آج لوک سبھا میں بتایا کہ جن علاقوں میں زلزلے کے خطرات کا امکان رہتا ہے انہیں زون واری سطح پر منقسم کیا گیا تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فی الفور اقدامات کئے جاسکیں ۔ انہوں نے ایک تجزیاتی رپورٹ کے حوالے سے کہا کہ انڈین پلیٹ ( زمینی پرت ) ہر سال 5 سنٹی میٹر شمال مشرق کی سمت ہٹتے جارہی ہے ۔ تاہم انہوں نے بتایا کہ نیپال میں 25 اپریل کو پیش آئے زلزلے کے زیر اثر ہندوستان میں بھی 102 اموات ہوئی ہیں ۔ جب کہ 13000 مکانات منہدم ہوگئے ۔