ہندوستان میں تیار میگی نوڈلس محفوظ اور قابل استعمال

لندن ۔ یکم ؍ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور دیگر ممالک میں تیار کئے جانے والے میگی نوڈلس استعمال کیلئے محفوظ ہیں۔ برطانیہ کے عہدیداروں نے اس پراڈکٹ کے تمام نمونوں کی جانچ کے بعد آج یہ بات کہی۔ ہندوستان سے برطانیہ میں صرف نوڈلس کا ذائقہ دار مسالہ ہی درآمد کیا جاتا ہے لیکن حالیہ تنازعہ کے پس منظر میں فوڈ اسٹانڈرڈ ایجنسی (ایف ایس اے) نے پروڈکٹ کے تمام نمونوں کی جانچ کا فیصلہ کیا تھا تاکہ اس میں سیسہ کی مقدار کا پتہ چل سکے۔ ایف ایس اے نے ایک بیان میں کہا کہ برطانیہ میں میگی نوڈلس کے تمام نمونوں کی جانچ کے بعد یہ پتہ چلا کہ سیسہ کی مقدار مقررہ حد کے اندر ہے۔ اس لحاظ سے یہ تمام پراڈکٹس محفوظ اور قابل استعمال ہیں اور صارفین کیلئے تشویش کی کوئی بات نہیں۔ نیسلے کے تمام پراڈکٹس کو مقامی عہدیداروں نے یکجا کیا اور ان کی تعداد تقریباً 900 تھی۔ ہندوستان میں نوڈلس پر امتناع کے بعد برطانیہ میں صارفین میں اندیشے بڑھ گئے تھے بالخصوص ہندوستانی نژاد شہری مسالہ پیاک خریدنے سے پس و پیش کررہے تھے جو ہندوستان سے درآمد کیا جاتا ہے۔ یہ مسالہ برطانیہ میں دو سوپرمارکٹس ٹیسکو اور موریسنس میں دستیاب ہے اور ان دونوں نے کہا کہ برطانیہ میں فروخت کئے جانے والے میگی پر اس امتناع کا کوئی اثر نہیں ہوا ہے۔ نیسلے نے امتناع کے بعد 320 کروڑ روپئے مالیتی نوڈلس کو مارکٹ سے ہٹا دیا اور اسے تلف کردیا۔