ہندوستان میں بھی زلزلہ کی تباہ کاریاں ‘ 51 افراد ہلاک ‘ 237 زخمی

نئی دہلی 25 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک طاقتور زلزلہ میں ‘ جس کا مبدا نیپال میں تھا ‘ آج ملک کے مختلف علاقوں میں کم از کم 51 افراد ہلاک ہوگئے اور 237 زخمی ہوئے ہیں۔ اس زلزلہ کے نتیجہ میں کئی عمارتیں اور مکانات تباہ ہوگئے ۔ ہندوستان میں بہار ‘ اتر پردیش اور مغربی بنگال کی ریاستیں نیپال میں آئے زلزلہ سے سب سے زیادہ متاثر رہیں۔ زلزلہ پیما پر اس زلزلہ کی شدت 7.9 ریکارڈ کی گئی ۔ منسٹر آف اسٹیٹ کرین رجیجو نے بتایا کہ بہار میں سب سے زیادہ اموات ہوئی ہیں۔ یہاں 38 افراد زلزلہ کے نتیجہ میں ہلاک ہوئے ہیں اور 133 زخمی ہوئے ہیں۔ اتر پردیش میں 11 اموات ہوئیں اور 69 افراد زخمی ہوئے جبکہ مغربی بنگال میں دو افراد ہلاک اور 35 زخمی ہوئے ہیں۔ ایسے میں جبکہ وزیر اعظم نریندر مودی خود بچاؤ و امدادی کاموں کی نگرانی کر رہے ہیں اور ہدایات دے رہے ہیں

بڑے پیمانے پر بچاؤ اور راحت کاری اقدامات کا آغاز کردیا گیا ۔ کرن رجیجو نے بتایا کہ تازہ اطلاعات کے بموجب ہندوستان میں اموات کی تعداد 44 ہے تاہم اس میں مزید اضآفہ ہوسکتا ہے ۔ وزیر اعظم نے اعلی سطح کے ایک اجلاس میں صورتحال کا جائزہ لیا اور متاثرہ علاقوں کو فوری طور پر امدادی و بچاؤ ٹیمیں اور طبی عملہ کو روانہ کرنے کی ہدایت دی ۔ انہو ںنے چیف منسٹر اتر پردیش اکھیلیش یادو ‘ چیف منسٹر بہار نتیش کمار اور چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی کے علاوہ چیف منسٹر سکم پون کمار چاملنگ و چیف منسٹر مدھیہ پردیش شیو راج سنگھ چوہان سے بات کی ۔ مرکزکی کرائسس مینجمنٹ کمیٹی نے کابینی سکریٹری اجیت سیٹھ کی قیادت میں صورتحال کا جائزہ لیا اور مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے ۔ معتمد داخلہ ایل سی گوئل نے کہا کہ نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کی پانچ ٹیمیں بہار اور اتر پردیش کو روانہ کی گئی ہیں تاکہ امدادی کاموں میں حصہ لیا جاسکے ۔ ہر ٹیم 45 ارکان پر مشتمل ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ہماری توجہ بچاؤ کاموں پر ہے ۔ نقصانات کا جائزہ مابعد لیا جائیگا ۔ رجیجو نے کہا کہ بچاؤ اور امدادی ٹیمیں بہار میں پٹنہ ‘ ساؤپول ‘ مظفر پور ‘ دربھنگہ ‘ گوپال گنج کو اور اتر پردیش میں گورکھپور کو روانہ کی گئی ہیں۔ رجیجو نے کہا کہ نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کی اضافی ٹیمیں بھی بہار ‘ اتر پردیش اور مغربی بنگال کو روانہ کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیم فوجی عملہ کو چوکس رکھا گیا ہے تاکہ مختصر نوٹس پر خدمات حاصل کی جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ نیپال کو بھی 460 این ڈی آر ایف اہلکاروں کو روانہ کیا گیا ہے ان کو بچاؤ و امدادی ساز و سامان سے لیس کیا گیا ہے تاکہ وہ وہاں مقامی انتظامیہ کی مدد کرسکیں۔ ہندوستان میں آسام ‘ چھتیس گڑھ ‘ گجرات ‘ منگلورو ‘ آندھرا پردیش اور دوسرے مقامات پر بھی محسوس کئے گئے ۔