ہندوستان میں برہمن سماج اور آر ایس ایس کا غلبہ

مرکز کی بی جے پی حکومت بے بس ، بام سیف کے کنونشن میں ومن مشرم کا خطاب
شمس آباد ۔ 30 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : شمس آباد کے موضع پالماکول میں بام سیف کے 32 ویں کنونشن کے آخری دن ومن مشرم بھارت مکتی مورچہ صدر نے اپنی مخاطبت میں کہا کہ ملک میں برہمن سماج اور آر ایس ایس کا غلبہ ہے ان کے آگے بی جے پی حکومت بھی بے بس ہے ۔ ناگپور میں آر ایس ایس کا ہیڈکوارٹر ہے جس کے اطراف سے بام سیف کے کارکن موجود ہے اور آئندہ چند سالوں میں ملک سے آر ایس ایس ختم ہوجائے گی ۔ ومن مشرم نے موہن بھاگوت کے لیے کہا کہ انہیں سماج کا کوئی علم نہیں ہے وہ ہمیشہ زہر اگلتے رہتے ہیں ۔ ملک میں ڈیموکریسی لانے کی ضرورت ہے اور آبادی کے تناسب سے ہر مذہب طبقہ کو تحفظات فراہم کرنا ہوگا ۔ تب ہی تمام مسائل کا حل ممکن ہے ۔ برہمن سماج مرکزی حکومت پر قبضہ کیا ہوا ہے اور ان کے اشاروں پر حکومت کو چلا رہے ہیں ۔ کانگریس اور بی جے پی ایک سکہ کے دو رخ ہے ۔ دونوں ہی برہمن سماج کے اشاروں پر کام کرتے ہوئے ملک میں انتشار پیدا کررہے ہیں ۔ EVM گھوٹالوں کے ذریعہ 2004 اور 2009 میں کانگریس نے اقتدار حاصل کیا اور 2014 کے انتخابات میں بی جے پی اس پر عمل کرتے ہوئے اقتدار کو حاصل کیا ۔ بام سیف کا مقصد تمام طبقوں کو ایک کرنا اور اس کے لیے ہم گزشتہ کئی سالوں سے محنت کرتے آرہے ہیں ۔ جس میں ہمیں کامیابی بھی مل رہی ہے ۔ اور اس کے ساتھ عوام میں ہمت کی ضرورت ہے ۔ سبھی طبقے کے لوگ ایک ہوں گے تب ہی برہمن سماج کا ملک سے قبضہ برخاست ہوگا ۔ وی ایل ایم بھارت مکتی مورچہ صدر نے کہا کہ ہم گزشتہ 32 سالوں سے تمام طبقوں کو ایک کرنے میں مصروف ہے ۔ برہمن سماج اقلیتوں اور بی سی ، ایس ٹی ، ایس سی کو آپس میں بانٹ کر خود اقتدار پر بیٹھ کر حکومت کررہی ہے ۔ بام سیف کا نٹ ورک ڈھائی ہزار گاؤں ، چار ہزار سب ڈیویژنس اور 31 ریاستوں تک پہنچ چکا ہے ۔ ہمیں تمام شعبوں میں ملازمتیں حاصل کرتے ہوئے ان کے ارادوں کو ناکام بنانے کی ضرورت ہے ۔ ہمارا ایک ہی نعرہ ہے ۔ No Demand Only Command ہے جو بہت جلد پورا ہوگا ۔ جس کے بعد ہی عوام کے مسائل حل ہوں گے ۔۔