ہندوستان میں ایبولا کا پہلا کیس سامنے آگیا

نئی دہلی 18 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان میں ایبولا کا پہلا کیس سامنے آگیا ہے اور لائبیریا سے واپس ہوئے ایک ہندوستانی شہری میں اس وائرس کے ٹسٹ مثبت ثابت ہوئے ہیں۔ اسے دہلی ائرپورٹ پر یکا و تنہا رکھا گیا ہے ۔ وزارت صحت نے کہا کہ یہ 26 سالہ شخص 10 نومبر کو یہاں پہونچا تھا اور لائبیریا میں اس کا پہلے ہی اس مرض کیلئے علاج کیا جاچکا تھا تاہم یہاں بھی اس کے طبی معائنے مثبت ثابت ہوئے ہیں جس کے بعد حکام نے اسے تنہائی میں رکھا ہے ۔ ہندوستان میں ایبولا کا یہ پہلا مصدقہ واقعہ ہے حالانکہ اس شخص کو یہ مرض باہر سے لاحق ہوا ہے ۔ وزارت نے ایک بیان میں کہا کہ صورتحال قابو میں ہے اور کسی پریشانی کی بات نہیں ہے تاہم اس سلسلہ میں تمام احتیاط برتی جا رہی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ دہلی ائرپورٹ کے خصوصی وارڈ میں اسے تنہا رکھا جائیگا ۔

راجستھان کے ایک شہری میں بھی ایبولا کے آثار
جئے پور 18 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) راجستھان میں ایک شخص میں ایبولا کی علامات ظاہر ہوئی ہیں اور اسے یہاں ایک دواخانہ میں تنہا رکھا گیا تھا جو بعد میں دہلی چلا گیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ محمد ریحان خان نامی 35 سالہ شخص کل رات ایک خانگی دواخانہ سے رجوع ہوا تھا جسے بعد میں سوائے مان سنگھ ہاسپٹل رجوع کیا گیا ۔ جہاں سے اس نے طبی مشورہ کے خلاف ڈسچارچ لیتے ہوئے دہلی کا رخ کیا ہے ۔ اس شخص نے حال ہی میں ودودرہ کا دورہ کیا تھا ۔