ہندوستان میں امریکی سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع : سشما

واشنگٹن ۔ 22 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیرخارجہ ہند سشماسوراج نے آج اس یقین کے ساتھ کہ ہندوستان میں تجارت کے بے شمار مواقع موجود ہیں، امریکی صنعتوں سے خواہش کی کہ وہ عوامی اور خانگی شعبوں میں سرمایہ کاری کریں۔ یو ایس انڈیا بزنس کونسل (USIBC) کے 40 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے امریکی تجارتی فیصلوں کی زبردست ستائش کی اور کہا کہ آج صحیح وقت پر صحیح فیصلہ لینے میں امریکی تاجرین کا کوئی ثانی نہیں لیکن اگر میں نہ کہوں تو میری بات نامکمل کہلائے گی کہ ہندوستان کی معیشت بھی اس وقت استحکام کی حامل ہے اور موجودہ صورتحال کچھ اس طرح ہے کہ نہ صرف ہندوستان بلکہ امریکہ دونوں ہی ممالک کیلئے تجارت کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ لہٰذا اب توجہ 100 اسمارٹ سٹیز قائم کرنے کی بات مبذول کی گئی ہے جہاں دریائے گنگا کے کنارے ان شہروں کو آباد کیا جائے گا جبکہ 2022ء تک 300 ملین نوجوانوں کو مختلف ہنرمندی کے شعبوں میں مہارت بھی حاصل ہوجائے گی۔ یاد رہے کہ یو ایس انڈیا بزنس کونسل کو امریکہ کی اعلیٰ ترین کارپوریٹ قیادت سے تعبیر کیا جاتا ہے۔