ہندوستان میں الیکٹرانک اشیاء کی مرمت سازی کے مراکز

نئی دہلی۔ 4 فروری (سیاست ڈاٹ کام) الیکٹرانک اشیاء کی مرمت سازی کے لئے کئی بلین ڈالرس کی ماکٹ قائم کرنے کے مقصد کے ساتھ وزارت کامرس نے بین وزارتی مشاورت کا آغاز کردیا ہے تاکہ اس پراجیکٹ کے خدوخال وضع کرتے ہوئے مرمت سازی کے شعبہ کے لئے ہندوستان کو ایک اہم مرکز بنانے کے طریقہ کار کو بھی سہل و آسان کیا جائے گا۔ وزارت کامرس نے مارکٹ میں پراجیکٹ کے عمل کا آغاز کردیا ہے۔ اس سے ہندوستانی صنعت کاروں کو اپنی تجارت کو فروغ دینے کے وسیع و کثیر مواقع حاصل ہوں گے۔ حکومت کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ وزارت کامرس نے تمام مسائل کی یکسوئی کے لئے تجاویز پر غور کرنا شروع کیا ہے۔ متعلقہ حکام سے مشاورت کے بعد کام شروع کیا جائے گا۔ مرمت، دوبارہ کام کے قابل بنانے الیکٹرانک اشیاء کو استعمال کرنے کے قابل بنانے جیسے کام انجام دیئے جائیں گے۔

الیکٹرانک اشیاء کو کئی مسائل کا سامنا ہوتا ہے اور درون خانہ و بیرون خانہ کسٹمز کلیرنس میں بھی بے حد تاخیر ہوجاتی ہے۔ اس معاملے پر کامرس سیکریٹری نے غور کیا ہے۔ راجیو کھر کا بیان ہے کہ گزشتہ سال 22 ڈسمبر کو انہوں نے ڈائریکٹوریٹ جنرل بیرونی تجارت محکمہ مال اور وزارت ماحولیات و جنگلات سے تعلق رکھنے والے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں شرکت کی تھی۔ امریکی و یوروپی مارکٹ میں الیکٹرانک اشیاء کی مرمت سازی اور سالانہ 10 ملین امریکی ڈالرس کے تخمینہ کے ساتھ اس مارکٹ کو قائم کیا جائے گا۔ کئی بڑے ممالک امریکی مارکٹ کی خدمت انجام دے رہے ہیں۔

ان میں چین، ویتنام، فلیپائن اور تھائی لینڈ شامل ہیں۔ ہندوستان میں چند ابھرتی کمپنیاں بھی ہیں جو ان خدمات کو فراہم کررہی ہیں لیکن مجموعی ٹرن اوور صرف 5 ملین امریکی ڈالر ہے۔ انڈین ورکرس میں الیکٹرانک اشیاء کی مرمت کا ہنر بہترین درجہ تک پایا جاتا ہے اور وہ مرمت سازی کے شعبہ میں مسابقت کا جذبہ بھی رکھتے ہیں۔ ہندوستان میں بھی ان کے لئے مرمت سازی کا مرکز قائم ہوگا تو ان کے روزگار میں بھی اضافہ ہوگا۔ سافٹ ویر شعبہ میں شاندار پیشرفت کے باعث بھی ہندوستانی صنعت کو امریکہ میں نہایت ہی بہترین برانڈ کی صنعت سمجھا جاتا ہے۔ آئندہ تین سال کے دوران امریکی مارکٹ میں زائد از ایک بلین امریکی ڈالر کے نشانہ کو پورا کرتے ہوئے برآمدات کی مقدار کو بڑھایا جائے گا۔ اس سے ملک میں تقریباً 5 لاکھ روزگار پیدا کرنے میں بھی مدد ملے گی۔