نئی دہلی 25 جون (سیاست ڈاٹ کام) ایک اہم رپورٹ میں یہ بات کہی گئی ہے کہ نریندر مودی کی قیادت میں ’’تجارت ۔ دوست‘‘ حکومت کی تشکیل کے بعد ہندوستان معاشی طور پر ایک انتہائی مثبت ملک کے طور پر اُبھرے گا۔ گلوبل ریسرچ فرم اپسوس (IPSOS) کے مطابق جن 60 فیصد ہندوستانیوں کا سروے کیا گیا ہے، اُنھوں نے پیش قیاسی کی ہے کہ ہندوستان کی داخلی معیشت اندرون چھ ماہ مستحکم ہوگی اور اس طرح IPSOS نے جن 25 ممالک کی فہرست تیار کی ہے اُس میں ہندوستان کا نام سب سے اوپر ہے۔
اندور ۔ بھوپال ڈبل ڈیکر ٹرین کا 12 اگسٹ کو آخری سفر
بھوپال 25 جون (سیاست ڈاٹ کام) اندور ۔ بھوپال ایرکنڈیشنڈ ڈبل ڈیلر ریلوے ٹرین 12 اگسٹ کو اپنا آخری سفر کرے گی کیونکہ محکمہ ریلویز کو مذکورہ روٹ پر شدید خسارہ کے بعد مذکورہ ٹرین کی خدمات مسدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے حالانکہ گزشتہ سال 27 ستمبر کو اُس وقت کے مملکتی وزیر ریلوے ادھیر رنجن چودھری کے ہاتھوں کافی تزک و احتشام کے ساتھ مذکورہ ٹرین کا افتتاح عمل میں آیا تھا۔ ریلوے بورڈ کی جانب سے مذکورہ ٹرین کی خدمات کو مسدود کرنے کے سرکاری احکامات بھوپال ریلوے ڈیویژن کو موصول ہوگئے ہیں۔ اس ٹرین کو چلانے سے محکمہ ریلویز کو روزانہ 40,000 روپئے کا نقصان ہورہا تھا۔