نئی دہلی۔ یکم اگست (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا میں اپوزیش والوں نے آج پرزور مطالبہ کیا کہ ہندوستان کو غزہ میں اسرائیلی جارحیت اور جنگ پر ’’واضح موقف‘‘ اختیار کرنا چاہئے۔ اپوزیشن نے کہا کہ ہم ایک ایسے وقت چپ چاپ نہیں بیٹھ سکتے، جب بے قصور فلسطینیوں پر ظلم زیادتی کے لئے اندھا دھند طاقت کا استعمال کیا جا رہا ہو۔ وقفۂ صفر کے دوران مسئلہ اٹھاتے ہوئے ترنمول کانگریس لیڈر سوگنا بوس نے غزہ میں ایک اسکول پر حملہ کے المناک واقعہ کا حوالہ دیا، جس میں خواتین اور بچوں کی کثیر تعداد ہلاک ہوئی ہے، جو بین الاقوامی قانون کی واضح خلاف ورزی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم اس جارحیت پر خاموش نہیں رہ سکتے، خاص طورپر ایسے وقت جب کہ طاقت کا بے جا اور ناجائز استعمال کیا جا رہا ہو۔ بوس نے کہا کہ میں حکومت پر زور دیتا ہوں کہ وہ اخلاقی طورپر واضح موقف اختیار کرے۔ ان کے اس بیان کی فوری طورپر بائیں بازو کی پارٹیوں، آر جے ڈی اور کانگریس کے ارکان نے بھی تائید کی۔