معلومات اور اعداد و شمار کی درستگی کو یقینی بنانے پر زور ، سماجی اور قومی پالیسیوں کی معلومات ہی بنیاد ، صدرجمہوریہ پرنب مکرجی کی تقریر
کولکتہ 10 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اعداد و شما کا ذخیرہ کرنے میں اُن کی صحت کو یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے صدرجمہوریہ ہند پرنب مکرجی نے کہاکہ بالکل درست معلومات اہمیت رکھتی ہیں۔ کیونکہ اِن کا تجزیہ قومی پالیسیوں کی ساخت میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ہماری پالیسیوں کی کارکردگی خاص طور پر سماجی شعبہ میں جمع کی ہوئی معلومات جو مختلف سرکاری محکموں سے حاصل کی گئی ہوں، اِن کے معیار پر منحصر ہوتی ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ اچھی پالیسیوں کے لئے اچھی معیاری معلومات کا ذخیرہ ضروری ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ چنانچہ معلومات کا ذخیرہ مسلمہ ہونا چاہئے اور اِس کی ضرورت پر زور دیا جانا چاہئے تاکہ پالیسیوں میں مداخلت کی بنیاد نہ حاصل ہوسکے۔ صدرجمہوریہ انڈین اسٹاٹیسٹیکل انسٹی ٹیوٹ کے 48 ویں جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب کررہے تھے۔
پرنب مکرجی نے کہاکہ اعداد و شمار کا ذخیرہ کرنے کا قانون 2008 ء مختلف سماجی ۔ معاشی اور دیگر اداروں سے معلومات کا ذخیرہ کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ یہ شہریوں اور معلومات حاصل کرنے والوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ کافی اعداد و شمار فراہم کئے جائیں۔ صدرجمہوریہ نے مشورہ دیا کہ بڑے پیمانہ پر محصلہ معلومات کا تجزیہ کرنے میں انتہائی احتیاط برتنی چاہئے۔ اُنھوں نے کہاکہ غیر منظم معلومات اور اُن کو منظم طریقہ پر مرتب کرنا اور تکنیکی اعتبار سے مسائل کا سامنا کرنا باشعور طریقہ سے ہی ممکن ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اگر معلومات کی کافی جانچ نہ کی جائے تو اِس میں دخل اندازی کا موقع فراہم ہوتا ہے، اِس لئے کسی بھی موضوع پر معلومات کا ذخیرہ اُس موضوع کے ماہر کی جانب سے کیا جانا چاہئے۔ اُنھوں نے کہاکہ وسیع پیمانے کی معلومات کا تجزیہ کرنے کی زیادہ صلاحیت ایک مثبت کارروائی ہوگی۔ جس سے ہماری صلاحیت عوامی پالیسیوں کے تعین میں مؤثر ثابت ہوگی اور شفافیت میں بہتری کو یقینی بنایا جاسکے گا۔
پرنب مکرجی نے کہاکہ معلومات کے تجزیہ کی بہتر صلاحیت کے نتیجہ میں موسم کی پیش قیاسی کا نظام بہتر بنایا جاسکتا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ معلومات کا حصول اور اعداد و شمار کی تکنیکس کو مخالف دہشت گردی پروگرامس میں استعمال کیا جاچکا ہے۔ صدرجمہوریہ نے اظہار مسرت کیاکہ ادارہ ایسی تکنیکس تیار کرنے میں مصروف ہے جو معلومات کی صیانت کو یقینی بناسکتی ہیں اور جن کے قومی صیانتی پالیسیوں پر دوررس اثرات مرتب ہوں گے۔ صدرجمہوریہ نے کہاکہ ملک بہت کچھ حاصل کرچکا ہے۔ آزادی کے بعد سے عوامی اُمنگوں کی تکمیل کرچکا ہے اور عالمی قیادت حاصل کرنے کے مرحلہ میں ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ یہ بھی ایک پُرمسرت اتفاق ہے کہ ہندوستان عالمی قیادت کا موقف حاصل کرنے کے قریب ہے۔ ایسا تمام شہریوں کی انفرادی طور پر دنیا بھر کو دین کے نتیجہ میں ہی ممکن ہوسکا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ہر شہری کو ترقی اور خوشحالی کے فوائد سے مساوی استفادہ کا موقع حاصل ہونا چاہئے۔