ہندوستان عالمی امن کا پیغام بر‘ اقوام متحدہ کے ذریعہ کردار

دنیا بھر میں امن ‘ اتحاد اور ہم آہنگی کیلئے ہندوستان کی کوششوںکا تذکرہ ‘ مودی کا ’ من کی بات‘ ماہانہ پروگرام
نئی دہلی ۔29اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کا پیغام بر ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ ملک نے ہمیشہ عالمی امن ‘ اتحاد اور ہم آہنگی کیلئے دنیا بھر میں اقوام متحدہ کی مہمات کے ذریعہ اپنا کردار ادا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اقوام متحدہ کی بحالی امن مہمات کا تیسرا سب سے بڑا حصہ ادا کرنے والا ملک ہے ۔ اس کے تقریباً 7000فوجی دنیا بھر میںمختلف مہمات پر تعینات ہیں ۔ ہندوستانی افواج کے علاوہ ہندوستان نے بحالی امن کی تربیت اپنے ہم منصبوں کو 85ممالک میں فراہم کئی ہیں ۔ اُس کے ہم منصب کئی ممالک میں عوام کو طبی خدمات فراہم کرتے ہیں ۔ مودی نے اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام ’’ من کی بات ‘‘ میں 30منٹ طویل بات چیت کرتے ہوئے ہندوستان کی روایت کا تذکرہ بھی کیا اور کہا کہ ہندوستان تمام تہواروں کا احترام کرتا ہے ۔ یہ درحقیقت فطرت کا احترام ہے ۔ انہوں نے چھت تہوار کا اور جاریہ صفائی کی مہم کا حوالہ بھی دیا ۔ انہوں نے سردار ولبھ بھائی پٹیل کے ملک کے اتحاد کا سنگ بنیاد رکھنے میں ادا کردہ کردار کا حوالہ دیا اور خاص طور پر عوام پر زور دیا کہ وہ ’’ اتحاد کی دوڑ ‘‘ میں شرکت کریں جو لیڈر کی یوم پیدائش تقریب پر 31اکٹوبر کو منظم کی جارہی ہے ۔ یہی دن اندرا گاندھی کی برسی کا دن بھی ہے ۔ آئندہ یوم اطفال کے بارے میں بات چیت کرتے ہوئے جو پنڈت جواہر لعل نہرو کی یوم پیدائش پر 14 نومبر کو منایا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے تشویش ہے کہ آج کل بچے ذیابطیس سے متاثر ہورہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ذیابطیس جیسے مرض طرز حیات کا نتیجہ ہوتے ہیں اور انہوں نے بچوں پر زور دیا کہ زیادہ صحت مند بننے کیلئے وہ گھر سے باہر کھیلیں اور ایسی بیماریوں سے بچیں ۔ انہوں نے کہاکہ حال ہی میں فیفا انڈر 17 ورلڈ کپ اختتام پذیر ہوا ۔ یہ پہلی بار ہندوستان میں منعقد کیا گیا تھا ۔ انہوں نے میزبان ٹیم کی کارکردگی پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ یہ دل سے جیتے ہوئے میچ نہیں تھے بلکہ طمغوں کیلئے جیتے ہوئے میچ تھے ۔ انہوں نے آئندہ گرونانک جینتی کی بات بھی کہی جو 4نومبر کو مقرر ہے اور پہلی بار سکھ گرو کی ستائش کی ۔ انہوں نے انہیں دنیا بھر کا گرو ( وشوا گرو ) قرار دیا ‘ جس نے پورے عالم انسانیت کی فلاح و بہبود کا خیال رکھا تھا ۔ مسلح افواج کی ستائش کرتے ہوئے وزیراعظم نے حالیہ دورہ گریز کا تذکرہ کیا جو جموں و کشمیر میں خطہ قبضہ کے قریب ہے جہاں وزیراعظم نے دلیر فوجیوں کے ساتھ دیوالی منائی تھی ۔ انہوں نے اسے ایک ناقابل فراموش تجربہ ‘ جدوجہد ‘ وابستگی اور قربانی کی داستان قرار دیا جسے مسلح افواج انتہائی مشکل حالات میں سرحدوں پر ملک کے تحفظ کیلئے تحریر کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستانی افواج نہ صرف ہندوستانی سرحدوں پر تعینات ہیں بلکہ وہ دنیا بھر میں امن کے قیام کیلئے اپنا کردار ادا کررہی ہیں ۔ یوم اقوام متحدہ 24 اکٹوبر کا حوالہ دیتے ہویئے انہوں نے کہاکہ یہ ایسا موقع ہے جس پر ہمیں دنیا بھر میں امن کے قیام کیلئے اقوام متحدہ کی کوششوں کو یاد رکھنا چاہیئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان امن کا پیغام بر ہے اور اس نے ہمیشہ امن ‘ اتحاد اور ہم آہنگی کی تائید کی ہے ۔