ہندوستان سے کرکٹ تعلقات کی بحالی ثمر آور ہوگی ‘ پاکستانی ہائی کمشنر

لکھنو 11 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی ہائی کمشنر برائے ہند عبدالباسط نے آج کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کے مابین کرکٹ تعلقات کی بحالی صحتمندانہ تعلقات تیار کرنے میں معاون ہوسکتی ہے ۔ عبدالباسط نے یہاںمیڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کئی اقدامات ایسے ہیں جن کے فوائد فوری طور پر نہیں دیکھے جاسکتے ۔ کھیل کود کے رابطوں سے تعلقات مستحکم ہونگے اور صحتمندانہ تعلقات پیدا ہونگے اور ماحول خوشگوار ہوگا ۔ دونوں ملکوں نے کرکٹ تعلقات کے احیاء سے اتفاق کیا تھا جب کل ہی پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ شہریار خان نے کل کہا تھا کہ پاکستان ہندوستان کے ساتھ سیریز ڈسمبر میں دوبئی میں منعقد کرنے تیار ہے ۔ ہندوستان و پاکستان کے کرکٹ بورڈ سربراہان کی کل کولکتہ میں ملاقات ہوئی تھی اور انہوں نے کہا تھا کہ ہوسکتا ہے کہ دونوں ملکوں کے مابین سیریز منعقد ہو جو تین ٹسٹ میچس ‘ پانچ ونڈے اور دو ٹوئنٹی 20 میچس پر مشتمل ہوسکتی ہے ۔ بی سی سی آئی کے سربراہ جگموہن ڈالمیا نے کل اس امید کا اظہار کیا تھا کہ دونوں ملکوں کے کرکٹ تعلقات بحال ہوسکتے ہیں تاہم اس تعلق سے فیصلہ حکومت کرسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا تھا کہ ہمیں امید ہے کہ سیریز منعقد ہوگی ۔ اس سلسلہ میں کچھ پیشرفت ہونی ہے ۔ ہمیں وزارت داخلہ کی منظوری درکار ہے ۔