ہائی ٹیک سہولتیں، واٹس اپ اور ایس ایم ایس کے ذریعہ رابطہ ، خطبہ جمعہ کی انگریزی اور اردو میں سماعت کیلئے خصوصی اپلی کیشن
جدہ ۔ یکم سپٹمبر(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان سے تقریباً 50 ہزار عازمین حج مقدس شہر مکہ مکرمہ و مدینہ منورہ پہونچ چکے ہیں اور عبادات و ریاضت میں مصروف ہیں۔ ہندوستانی قونصل جنرل بی ایس مبارک نے یہ بات بتائی اور کہاکہ تقریباً 150 طیاروں نے مدینہ منورہ میں پرنس محمد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر لینڈنگ کی۔ اس کے علاوہ عازمین حج کا پہلا قافلہ پیر کی شب جدہ پہونچا۔ اس طیارہ میں 230 عازمین حج سوار تھے جو اندور سے روانہ ہوکر 5 بجے شام کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایرپورٹ کے حج ٹرمنل پہونچے۔ قونصل جنرل بی ایس مبارک کے علاوہ ڈپٹی قونصل جنرل اور حج کونسل محمد نور رحمن شیخ اور وزارت حج کے سینئر عہدیداروں نے ایرپورٹ پر عازمین حج کا استقبال کیا۔ انھوں نے بتایا کہ حیدرآباد اور کوزی کوڈ کے بشمول 9 طیارے چہارشنبہ کو جدہ پہونچیں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ جاریہ سال عازمین حج کو خدمات فراہم کرنے میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ پہلی مرتبہ تمام عازمین حج مقررہ معیار کے مطابق سامان اپنے ساتھ لارہے ہیں۔ مرکزی حج کمیٹی نے اِس ضمن میں تمام عازمین حج کو بین الاقوامی معیار کے مطابق سوٹ کیس فراہم کئے تھے۔ اِسی طرح سعودی حکومت نے اسلامک ڈیولپمنٹ بینک کے ذریعہ قربانی کا بھی مؤثر انتظام کیا ہے اور اِس سے عازمین حج کو کافی سہولت مہیا ہوگی۔ حج مشن نے اِس ضمن میں ایک منصوبہ کا اعلان کیا ہے
جس کے ذریعہ اضحی کوپن کی خریدی کو لازمی قرار دیا گیا اور اس کوپنس متعلقہ روانگی کے مراکز پر تقسیم کئے جائیں گے لیکن بعد میں یہ تجویز کالعدم کردی گئی کیوں کہ عازمین حج کے ایک گوشہ نے اس طرح ٹوکنس خریدنے سے گریز کیا تھا۔ انھوں نے کہاکہ ہر مکتب کے تحت جانوروں کی قربانی کے وقت کے بارے میں حج مشن کی جانب سے عازمین حج کو واقف کرادیا گیا ہے۔ انھوں نے کہاکہ اِس بار عازمین حج کے لئے کرایہ پر حاصل کردہ عمارتوں کے معیار میں بھی نمایاں بہتری دیکھی گئی ہے۔ مکہ مکرمہ میں ایسی عمارتیں زیادہ تعداد میں کرایہ پر حاصل کی گئی ہیں جن میں اٹائچ باتھ روم ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ 80 فیصد عمارتیں حرم سے قریب گرین زمرہ کی ہیں اور یہ ہوٹل طرز / نئی تعمیر کردہ / عصری سہولیات سے آراستہ ہوں جن میں اٹائچ باتھ روم کے ساتھ ساتھ کچن کی سہولت پائی جاتی ہے۔ جناب بی ایس مبارک نے کہاکہ عزیزیہ سے آمد و رفت کو بھی سہولت بخش بنایا جارہا ہے۔ گزشتہ سال ہر 360 عازمین حج کے لئے ایک بس کی سہولت تھی
لیکن اِس سال یہ تعداد کم کردی گئی ہے اور ہر 250 عازمین حج کے لئے ایک بس کی سہولت فراہم رہے گی۔ بی ایس مبارک اور رحمن شیخ نے کہاکہ تمام عازمین حج کو ہائی ٹیک سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ اس سال ہندوستانی حاجی کی رہائش معلوم کرنے کے طریقہ کار میں نمایاں بہتری لائی گئی ہے اور کسی طرح کی شکایت کے لئے ایمرجنسی بٹن متعارف کیا گیا ہے۔ عازمین حج کو ’ہوم پیج‘ پر ایک سہولت مہیا ہے کہ وہ اپنی شکایت ہندوستانی دفتر میں درج کراسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ کوئی بھی حاجی ٹول فری نمبر 8002477786 پر راست ربط قائم کرسکتا ہے۔ اس کے علاوہ عازمین حج کو واٹس اپ نمبر 00966 543891481 کے ذریعہ حج مشن اور دیگر متعلقہ دفاتر سے رابطہ قائم کرنے کی سہولت مہیا کی گئی ہے۔ ایس ایم ایس الرٹ سسٹم بھی متعارف کیا گیا ہے۔ عازمین حج کو موبائیل فون ری چارج کرنے کی بھی سہولت فراہم ہے۔ اس کے علاوہ حرم شریف میں خطبہ جمعہ کا وہ حج مشن اپلی کیشن سے استفادہ کرتے ہوئے انگریزی یا اردو زبان میں ترجمہ سماعت کرسکتے ہیں۔