ہندوستان سے افغانستان کو براہ چاہ بہار گیہوں کی پہلی کھیپ روانہ

نئی دہلی ۔29اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان نے آج گیہوں کی پہلی کھیپ افغانستان براہ چاہ بہار ( ایران میں بندرگاہ ) روانہ کی ۔ اسے ایک تاریخی اقدام قرار دیا جارہا ہے اور دفاعی اہمیت کی نقل و حرکت کا راستہ ہے ۔ وزیرخارجہ سشما سوراج اور وزیر خارجہ افغانستان صلاح الدین ربانی نے جھنڈی دکھاکر اس کھیپ کو ہندوستان سے افغانستان روانہ کیا ۔ قبل ازیں ویڈیو کانفرنسنگ پر دونوں وزرائے خارجہ نے باہم بات چیت کی ۔ گیہوں کی اس کھیپ کی روانگی ایک تاریخی لمحہ تھا جس سے چاہ بہار بندرگاہ ایک متبادل کے طور پر کارکرد ہوگئی ہے ۔ اس سے افغانستان کے ساتھ ایک قابل انحصار اور مستحکم ربط پیدا ہوجائے گا ۔ اس موقع پر سشما سوراج نے کہا کہ ہندوستان افغانستان کی مسلسل مدد کا پابند ہے اور وہ جنگ زدہ ملک کو تعمیرنو کے سلسلہ میں مدد فراہم کرے گا ۔ افغانستان میں سماجی اور معاشی ترقی کی راہیں کھولے گا ۔ انہوں نے گذشتہ ماہ ربانی کے ساتھ ملاقات کے دوران ہند ۔ افغانستان دفاعی شراکت داری کونسل قائم کی تھی ۔ انہوں نے ایک دوسرے کے ساتھ علاقائی اتحاد اور امن ‘ صیانت اور استحکام و خوشحالی افغانستان میں لانے کیلئے بین الاقوامی شراکت دار ہونے کے عہد کو دہرایا ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کی چاہ بہار بندرگاہ تجارت اور حمل ونقل کے نئے راستے اور نئے مواقع کھولے گی ۔ افغانستان کے ساتھ تجارت میں اضافہ ہوگا اور اس سے ایک وسیع علاقہ کو فائدہ پہنچے گا ۔ دونوں وزرائے خارجہ نے اس حقیقت کا خیرمقدم کیا کہ پہلی کھیپ چاہ بہار بندرگاہ کے راستے افغانستان جارہی ہے اور اس سے تینوں ممالک کو فائدہ پہنچے گا ۔ مزید 6کھیپ گیہوں جلد ہی روانہ کیا جائے گا ۔