ہندوستان سمیت خطے کے دیگر ممالک کیساتھ پاکستان تجارت کو فروغ دینے کا خواہاں

اسلام آباد۔ 25 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے ہندوستان سمیت خطے دیگر ممالک کے ساتھ تجارت کو فروغ دینے کی خواہش ظاہر کی ہے ۔اس قدم کو پاکستانی معیشت کو معمول پر لانے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے ۔ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ کاروبار کو فروغ دینے کے لئے چین۔پاکستان اقتصادی کوریڈور کے تحت جاری پراجیکٹ میں خانگی شعبے کے تعاون کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ مسٹر عمر نے کہا کہ اس سمت میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی جائے گی۔پاکستانی وزیر خزانہ نے پیر کو کوئٹہ میں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہوں نے بتایا کہ ایران کے ساتھ تجارت بڑھانے کے معاملے میں وزیر مالیات حماد اظہر کی قیادت میں ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ گوادر میں خصوصی اقتصادی اور ایکسپورٹ پراسیسنگ کے شعبے قائم کرنے کے پروجیکٹوں پر تیزی سے کام ہو رہا ہے ۔ حکومت بلوچستان میں مسائل کے حل کے لئے وہاں کی صوبائی حکومت کو پورا تعاون دے گی۔مسٹر عمر نے کہا کہ ان کی حکومت امریکی ڈالر پر انحصار کم کرنے اور اتحادی افواج کے ساتھ ان کی کرنسی میں ہی تجارت کرنے کی سمت میں کام کر رہی ہے ۔