ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کئی قربانیاں دی ہیں۔ پاکستان کا ادعا
اسلام آباد 28 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان نے آج ہندوستان پر الزام عائد کیا کہ وہ اس پر دہشت گردی کے بیجا الزامات عائد کر رہا ہے ۔ پاکستان نے کہا کہ اس کے نتیجہ میں اشتراکی انداز میں علاقہ سے دہشت گردی کو ختم کرنے کی کوششیں متاثر ہو رہی ہیں۔ اپنی ہفتہ وار پریس کانفرنس میںدفتر خارجہ کے ترجمان قاضی خلیل اللہ نے کہا کہ دہشت گردی صرف ہندوستان کیلئے نہیں بلکہ پاکستان اور ساری دنیا کیلئے ایک مسئلہ ہے ۔ ہندوستان میں جب کبھی کوئی حملہ ہو اس کیلئے پاکستان پر الزام سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے ہندوستان سے کہا کہ وہ پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے بیجا اور غلط الزامات عائد کرنے سے گریز کرے۔ خلیل اللہ نے کہا کہ اس طرح کی روایت سے علاقہ سے اشتراکی انداز میں دہشت گردی کو ختم کرنے کی کوششیں متاثر ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کے معتمدین خارجہ بات چیت کیلئے تواریخ کو قطعیت دینے ایک دوسرے سے ربط میں ہے ۔ انہوں نے تاہم اس سلسلہ میں کسی وقت کا تعین کرنے سے گریز کیا ۔ پٹھان کوٹ میں ہوئے دہشت گردانہ حملہ کے بعد ہندوستان اور پاکستان نے مشترکہ طور پر معتمدین خارجہ سطح کی بات چیت کو ملتوی کرنے سے اتفاق کیا تھا ۔ دونوں نے مستقبل قریب میں مذاکرات سے اتفاق کیا تھا ۔ ہندوستان نے پاکستان سے کہا ہے کہ وہ جئیش محمد کے دہشت گردوں کے خلاف جو ثبوت فراہم کیا گیا ہے اس پر کوئی کارروائی کرے ۔ ان دہشت گردوں کے تعلق سے شبہ ہے کہ 2 جنوری کو پٹھان کوٹ میں ہوئے حملہ کیلئے ذمہ دار ہیں۔ دہشت گردی پر ہندوستان و فرانس کی جانب سے دئے گئے مشترکہ بیان کے تعلق سے استفسار پر قاضی خلیل اللہ نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کئی قربانیاں دی ہیں تاکہ دنیا کو محفوظ بنایا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کوششوں اور قربانیوں کی ساری دنیا نے ستائش کی ہے ۔