ہندوستان دنیا بھر میں تیزی سے اُبھرتی معیشت

نئی دہلی ۔23 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے آج کہا کہ ہندوستان تیزی سے ترقی حاصل کرنے والی سب سے بڑی معیشت کے طورپر اُبھرا ہے اور سال 2014-15 میں ایک اندازہ کے مطابق شرح ترقی 7.4 فیصد رہی ۔ حکومت عوام کے بہتر مستقبل کو یقینی بنانے کیلئے فیصلہ کن اقدامات کررہی ہے ۔ انھوں نے آج پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے شروع کی گئی پہل کا تفصیلی ذکر کیا اور کہاکہ ایک شاندار مستقبل ہمارا منتظر ہے ۔ پرنب مکرجی نے کہاکہ حکومت نے تجارت کو آسان بنانے ، مالیاتی رکاوٹوں کو دور کرنے اور افراط زر پر قابو پانے کیلئے کئی اقدامات کئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کالا دھن کو بڑھنے سے روکنے کے لئے بھی ممکنہ اقدامات کررہی ہے ۔ یہ کام ملکی اور بین الاقوامی سطح پر ہورہا ہے ۔ اس ضمن میں کئی قوانین اور انتظامی قواعد میں مناسب تبدیلیاں شامل ہیں۔ پرنب مکرجی نے کہاکہ حکومت کی موثر کوششوں اور پالیسی فیصلوں کے باعث ہماری معیشت دوبارہ اعلیٰ ترین سطح کی شرح ترقی پر گامزن ہے ۔ ہماراجی ڈی پی 7.4 فیصد تک پہونچ گیا ہے ، اس کی وجہ سے ہندوستان دنیا بھر میں فروغ پانے والی سب سے بڑی معیشت کے طورپر اُبھرا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کے فیصلہ کن اقدامات کی وجہ سے افراط زر کی شرح ریکارڈ کم سطح تک پہونچنے میں مدد ملی ، اس سے سرمایہ مارکٹ کو بھی ایک نیا حوصلہ ملا ۔ انھوں نے کہا کہ حکومت نے گزشتہ 9 ماہ کے دوران ٹیکس سسٹم میں بہتری لائی اور اسے موثر بنایا ۔ حکومت کے بعض اہم اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مختلف کارپوریٹ سرگرمیوں کیلئے آن لائن درخواستیں داخل کرنے کا عمل شروع کیا گیا ہے ۔انھوں نے کہا کہ ’’میک ان انڈیا‘‘ پروگرام کو فروغ دینے کیلئے حکومت نے ایف ڈی آئی قواعد میں نرمی لائی ہے اور ہندوستانی صنعت کو مسابقتی بنانے کیلئے دیگر کئی مسائل بھی حل کئے جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ پردھان منتری جن دھن یوجنا کے تحت 13.2 کروڑ نئے بینک کھاتے کھولے گئے ، اسطرح اپنی نوعیت کا یہ عالمی سطح پر سب سے بڑا پروگرام بن گیا ہے ۔ انفراسٹرکچر کے شعبہ میں حکومت ریلویز میں اصلاحات کا سلسلہ جاری رکھے گی اور ساگر مالہ بندرگاہی پراجکٹ کو فروغ دینے کے علاوہ نیوکلیئر توانائی کی حوصلہ افزائی کرے گی ۔ پٹرولیم شعبہ کے حوالہ دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ حکومت نے گیس کی قیمت پر نظرثانی کے سلسلے میں تمام قیاس آرائیوں کو ختم کردیا ہے ۔ اس کے علاوہ قدرتی وسائل کی تخصیص میں شفافیت لائی جائے گی۔ ایل پی جی سبسیڈی کیلئے راست فوائد منتقلی اسکیم جسے اب ’’پہل ‘‘ کا نام دیا گیا ہے ، 15.3 کروڑ صارفین کے منجملہ 75% کا احاطہ کیا گیا ہے ۔ اس طرح یہ دنیا بھر میں سب سے بڑی راست فوائد منتقلی اسکیم بند گئی ہے ۔ صدرجمہوریہ نے کہا کہ حکومت کے موثر اقدامات کی وجہ سے افراط زر اور بالخصوص غذائی افراط زر میں ریکارڈ کمی واقع ہوئی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ حکومت قدرتی وسائل بشمول کوئلہ کی تخصیص میں شفافیت لانے کیلئے پابند عہد ہے ، اس کیلئے ہراج کا عمل شروع کیا گیا ہے جس کے نتیجہ میں برقی شرحوں میں کمی واقع ہوگی ۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کالا دھن میں اضافہ کو روکنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کررہی ہے ۔ انھوں نے کہاکہ ’’زیادہ سے زیادہ حکمرانی ، کم سے کم حکومت ‘‘ اصول کے ذریعہ حکومت موثر اقدامات یقینی بنارہی ہے ۔ پارلیمنٹ کے بجٹ سیشن میں اپوزیشن جماعتوں کی امکانی رکاوٹوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے ایوان کی کارروائی موثر انداز میں یقینی بنانے کیلئے تمام ارکان پارلیمنٹ سے تعاون کی خواہش کی ۔ تاہم انھوں نے متنازعہ اراضی حصولیابی آرڈنینس میں تبدیلی لانے کے منصوبہ کا اشارہ نہیں دیا ۔ انھوں نے کہاکہ حکومت کسانوں کے مفادات اور حصول اراضی سے متاثر ہونے والے خاندانوں کے تحفظ کو بنیادی اہمیت دیتی ہے ۔