ہندوستان جیسے متنوع میں حقیقی رواداری ضروری : ہیلی

نئی دہلی ۔ 28 جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی سفیر برائے اقوام متحدہ نکی ہیلی نے آج کہا کہ ہندوستان جیسے متنوع ملک میں حقیقی رواداری ضروری ہے اور مذہبی آزادی ہونی چاہئے۔ ایران کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ایسا معلوم ہوتا ہیکہ ایران دوسرا شمالی کوریا بننے جارہا ہے۔ ہندوستان کو اس پر غور کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو ایران سے درآمدات جاری نہیں رکھنا چاہئے۔ انہوں نے پاکستان میں دہشت گردوں کیلئے محفوظ پناہ گاہوں کی موجودگی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ پاکستان میں دہشت گردوں کیلئے محفوظ پناہ گاہوں کی فراہمی کو برداشت نہیں کرسکتا اور آخرکار اس کو پاکستان کے خلاف سخت کارروائی کرنی ہوگی۔ قبل ازیں انہوں نے کئی مذہبی مقامات کا دورہ کیا جن میں مندر، مسجد، گردوارہ اور دہلی کے چرچ شامل تھے۔ سب سے پہلے انہوں نے گوری شنکر مندر، جامع مسجد، گردوارہ سیس گنج صاحب اور چرچ کا دورہ کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں ہندوستان میں مذہبی آزادی کی ضرورت پر زور دیا۔ جامع مسجد میں وہ مسجد کے باہر ایک بچے کے ساتھ بیٹھ گئی تھیں۔ کل انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کرکے ہند ۔ امریکہ تعاون کا مختلف شعبوں بشمول انسداد دہشت گردی میں تعاون کا تذکرہ کیا تھا۔ قبل ازیں امریکہ نے اپنے ردعمل میں کہا تھا کہ ہندوستان کے ساتھ امریکہ کے 2+2 مذاکرات کے التوا سے کوئی منفی اثر مرتب نہیں ہوگا اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کا استحکام حسب معمول جاری رہے گا۔