ہندوستان جلے لیکن مودی کو آئندہ وزیراعظم بننے سے دلچسپی

پارٹی کی ملک گیر ’’دستور بچاؤ‘‘ مہم کا صدر کانگریس راہول گاندھی کے ہاتھوں آغاز

نئی دہلی 23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج ’’دستور بچاؤ‘‘ ملک گیر مہم کا آغاز وزیراعظم نریندر مودی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ چاہے ملک جلے، لڑکیوں کی عصمت ریزی ہو، درج فہرست ذاتوں اور اقلیتوں کے حقوق کی اہمیت خطرہ میں لیکن مودی کو صرف دوبارہ ملک کا وزیراعظم بننے سے دلچسپی ہے۔ دلت حقوق اور خواتین کے تحفظ دونوں سلگتے ہوئے مسئلے راہول گاندھی کی تقریر کا مرکزی موضوع تھے۔ اُنھوں نے کانگریس کی دستور بچاؤ مہم کا آغاز کرتے ہوئے کہاکہ دستوری اقدار مودی حکومت کے تحت خطرے میں ہیں۔ اُنھوں نے عوام کو تیقن دیا کہ ان کی پارٹی ایسا نہیں ہونے دے گی۔ سپریم کورٹ اور پارلیمنٹ جیسے ادارے کچلے جارہے ہیں۔ حکومت اُنھیں بند کررہی ہے۔ اُنھوں نے الزام عائد کیاکہ اُنھیں 15 منٹ تقریر کی مختلف مسائل پر اجازت دی گئی تھی جن میں نیروؤ مودی سپریم کورٹ اسکام بھی شامل ہے جس سے مودی فرار حاصل کررہے ہیں۔ اُنھوں نے الزام عائد کیاکہ آر ایس ایس کے نظریہ میں جن لوگوں کو یقین ہے اُنھیں اداروں میں بھرا جارہا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ مودی نے اپنے بیان میں اِس کا اعتراف بھی کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ وزیراعظم کو صحت و صفائی میں جو دلت انجام دیتے ہیں روحانی نظر آتی ہے لیکن لوگ جانتے ہیں کہ اِس برادری کو سماج میں کوئی مقام حاصل نہیں ہے۔ مودی کے دل میں کمزور طبقات اور خواتین کا کوئی احترام نہیں ہے۔ لوگ جانتے ہیں کہ وزیراعظم روزگار اور دیگر وعدے تو کرتے ہیں لیکن اُن میں سے کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیا جاتا کیوں کہ یہ وعدے صرف ووٹوں کیلئے کئے جاتے ہیں اور ہر بار انتخابات سے قبل دوہرائے جاتے ہیں۔ مودی نے قبل ازیں ’’بیٹی بچاؤ ۔ بیٹی پڑھاؤ‘‘ کا نعرہ دیا تھا لیکن بی جے پی نے اِسے صرف بیٹی بچاؤ بنادیا۔ راہول گاندھی نے ایک بی جے پی رکن اسمبلی کی اناؤ عصمت ریزی مقدمے میں ملوث رہنے کا حوالہ دیا اور کہاکہ صرف کانگریس میں ہی ملک کو درپیش مسائل کا سامنا کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ملک آئندہ انتخابات میں اپنے من کی بات کہے گا۔ وہ مودی کے ماہانہ ریڈیو پروگرام ’من کی بات‘ پر طنز کررہے تھے۔اُنھوں نے کہاکہ اُن کی مہم آئندہ سال 14 اپریل تک جس دن بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کی سالگرہ منائی جائے گی، جاری رہے گی۔