واشنگٹن ۔ یکم اکٹوبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) یہ ادعا کرتے ہوئے کہ ہندوستان تجارت کیلئے سازگار ماحول کے ساتھ تیزی سے اُبھرتا ملک ہے ، وزیراعظم نریندر مودی نے سرکردہ امریکی کارپوریٹ گھرانوں پر زور دیاہے کہ اپنا کاروبار ہندوستان میں قائم کرتے ہوئے اُسے پھیلائیں ، قبل اس کے کہ دیر ہوجائے۔ ’’ہندوستانی معیشت میں تبدیلیوں اور تیزی سے ترقی کا فائدہ اُٹھائیں‘‘ مودی نے کل امریکی تاجرین سے اپنے خطاب میں یہ بات کہی اور اُن سے اپیل کی کہ ہندوستان کی بڑھتی معیشت کا فائدہ اُٹھائیں تاکہ باہمی خوشحالی استوار کی جاسکے۔ یو ایس ۔ انڈیا بزنس کونسل (یو ایس آئی بی سی ) کے زیراہتمام اس ایونٹ میں مودی نے کہاکہ آپس میں ملکر ہم ترقی اور اونچائی کی نئی بلندیوں تک پہونچیں گے ۔ ’’میں آپ تمام کو مدعو کرتا ہوں ۔ میں آپ تمام کو ’میک اِن انڈیا‘ کیلئے دعوت دیتا ہوں ‘‘ ۔ 2009 ء کی لچک دار گجرات چوٹی کانفرنس میں بزنس کمیونٹی سے اپنے خطاب کا حوالہ دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اُس وقت میں نے کہا تھا کہ گجرات کو آنے میں دیر مت کیجئے ، قطار بہت جلد بہت طویل ہوسکتی ہے اور آپ پیچھے رہ سکتے ہیں۔ مودی نے کہاکہ آج میں یہی چیز اس اعتماد کے ساتھ کہہ رہا ہوں کہ قطار بہت جلد بہت طویل ہوجائے گی ۔ اس موقع پر موجود شرکاء میں صدر ورلڈ بینک جیم یانگ کم ، وزیر اُمور خارجہ سشما سوراج اور امریکہ و ہندوستان دونوں سے تعلق رکھنے والے کئی سرکردہ کارپوریٹ قائدین بشمول مکیش امبانی شامل ہیں۔ یو ایس آئی بی سی چیرمین اجئے بانگا جو ماسٹر کارڈ سی ای او بھی ہیں ، انھوں نے کہا کہ ہندوستان مودی کی قیادت میں ترقی کے نئے باب سے گذر رہا ہے
۔ انھوں نے کہاکہ نئی ہندوستانی حکومت کی جانب سے اس کے ابتدائی تین ماہ میں کئے گئے اقدامات سے حوصلہ پاکر یو ایس آئی بی سی نے آئندہ دو تا تین سال کے دوران ارکان کی طرف سے 41 بلین ڈالر تک کی سرمایہ کاری کا تخمینہ لگایا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ ۔ انڈیا تعلقات کے بہترین دن آرہے ہیں۔ صدر یو ایس چیمبر آف کامرس ٹام ڈونوہیو نے اپنے مختصر خطاب میں مودی کے سرخ فیتے کو سرخ قالین سے بدل دینے کے عہد کا خیرمقدم کیا۔ مودی نے اپنی تقریر میں جو انھوں نے ہندی میں کی اور ساتھ ہی انگریزی میں اُس کا ترجمہ کیا جاتا رہا ، وزیراعظم ہند نے کہا کہ اگر سرخ قالین نہ بھی ہو تو وہ یقینی بنائیں گے کہ اُن کے ملک میں سرخ فیتے کا کلچر نہ رہے۔ انھوں نے امریکی سرمایہ کاروں اور تاجرین کو یقین دلایا کہ آئندہ چھ ماہ میں وہ ملک میں تجارت و کاروبار میں آسانی کے لئے تمام ضروری اقدامات روبہ عمل لائیں گے ۔